نئی دہلی۔ (پریس ریلیز)۔ سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آ ف انڈیا (SDPI) کے قومی صدر ایم کے فیضی نے 21جون کو پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر جاری کردہ پیغام میں کہا ہے کہ پارٹی کے 14سال مکمل ہونے کے موقع پر مجھے آپ سب کو مبارکباد دیتے ہوئے بے حد خوشی ہورہی ہے۔ سوشیل ڈیموکریسی کے حصول کے عین مقصد اور عزم کے ساتھ ان سالوں میں ہماری جدوجہد ہمیں احتیاط سے آگے بڑھنے کی ترغیب دیتی ہے۔
فیضی نے کہا کہ ہمارے ملک کا موجودہ منظر نامہ حکومت کی غلط اور ناقص پالیسیوں کی وجہ سے عوا م کو عدم تحفظ اور شدید معاشی مشکلات میں دھکیل رہا ہے۔جمہوریت زوال کے دہانے پر ہے۔ غلط پالیسیوں کی مخالفت کرنے والوں کو جیلیں، سیاسی اور سماجی مخالفین کے خلاف ایجنسیوں کا غلط استعمال، لنچنگ کے بے خوف واقعات،، سرکاری اداروں کا فروخت، نفرت انگیز تقاریر، جابرانہ کالے قوانین، مسلح افواج کا بے تحاشہ استعمال وغیرہ نے عوام کی زندگی اور ملک کی مجموعی ترقی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ ہمارے ملک کی طرز حکمرانی جمہوریت سے آمریت میں بدل چکی ہے۔ یہ انتہائی تشویشناک ہے کہ ایسے سنگین حالات میں بھی اپوزیشن پارٹیاں خاموش ہیں گویا وہ جمہوریت میں اپنے اہم کردار کو بھول گئی ہوں۔
ایسے میں ایس ڈی پی آئی نے اپنے ملک کو ‘بھوک سے آزادی اور خوف سے آزادی ‘کی طرف لے جانے کیلئے تمام مشکلات اور چیلنجوں کے خلاف سیاسی جدوجہد کا راستہ اختیار کیا ہے۔ اگرچہ ہم جانتے تھے کہ اقتدار میں حصہ لینے کے مقصد تک پہنچنا ایک مشکل کام ہے، لیکن انتخابی سیاست میں کامیابی حاصل کرنے کی ہماری کوششیں اس وقت تک نہیں رکتی جب تک کہ ہم اپنی منزل تک نہ پہنچ جائیں۔ بدعنوانی، فرقہ پرستی، کرونی کیپٹلزم کے ساتھ پیسہ۔ طاقت۔ مافیاکے گٹھ جوڑ کی موجودہ دور کی سیاست نے ہمیں ہماری سیاست کو سماجی انصاف اور مساوات کی طرف منتقل کرنے پر مجبور کیا ہے۔
ایم کے فیضی نے کہا ہے کہ ہمارا ملک ہندوستان کئی قابل ستائش حقائق اور خصوصیات کا حامل ہے۔ متنوع ثقافت اور تہذیب، وسیع قدرتی وسائل، افکار کی کشادگی یہ سب ہمارے ملک کا فخر ہے جس کی بدولت ملک ترقی میں اولین مقام حاصل کرسکتا تھا۔ تاہم، نااہل اور نامناسب سیاسی بالادستی کی وجہ سے ہم اس کے برعکس منظرنامے کا مشاہدہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو ایک متبادل سیاسی پارٹی کی ضرورت ہے جو ملک کی فلاح و بہبودی کیلئے مثبت اور تعمیری تبدیلی لانے کیلئے عوام کی آواز اور ذہن بنے۔
سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا ملک کی ترقی اور تکثیریت کی راہ پر لانے کیلئے ان بے ضابطگیوں کے خلاف جدوجہد کرنے کیلئے وقف ہے۔ ایم کے فیضی نے بتایا کہملک بھر میں انصاف، حقوق اور ترقی کی راہ میں ہماری تحریکوں، جدوجہد اور متحرک ہونے سے ہماری پارٹی کو غیر معمولی مقبولیت حاصل ہوئی ہے۔
ایس ڈی پی آئی حکومت کی غلط اور مخالف پالیسیوں اور عوامی مسائل اور اذیتوں کے خلاف جدوجہد میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔ ‘مثبت سیاست’کے ہمارے وژن نے ملک میں پسماندہ اقلیتی۔کمزور برادریوں سے تعلق رکھنے والے عوام کے ذہنوں میں سیاسی طور پر با اختیار بننے کے بارے میں مکمل بیداری پیدا کی ہے۔ ایس ڈی پی آئی مصیبت کی گھڑی میں عوام کی خدمت میں پیش پیش رہتی ہے۔ کووڈ۔19کے دوران ہماری بے لوث اوربے مثال انسانی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
ہم عہد کرتے ہیں کہ ہم ہمیشہ عوام کے خادم بن کر رہیں گے اور عوام کی ضرورت اور سیاسی جدوجہد میں سب سے آگے نظر آئیں گے۔ ایس ڈی پی آئی صدر نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں پورے ملک میں پارٹی کو بڑے انفراسٹرکچر، شراکت اور وسائل کے ساتھ تعمیر کرنے کی ضرورت ہے۔ ایس ڈی پی آئی قومی صدر ایم کے فیضی نے اختتام میں کہا ہے کہ پارٹی کی یوم تاسیس کے موقع پرمیں کارکنان کو یاد دلانا چاہوں گا کہ وہ اپنے مقاصد کے حصول کیلئے ثابت قدم اور پر عزم رہیں۔