نئی دہلی: ”اڈیشہ کے بالاسور ضلع میں بہناگا اسٹیشن کے قریب ہوئے ٹرین حادثے کے بارے میں سن کر دل کو شدید صدمہ پہنچا۔ ہم اس حادثے میں مرنے والوں کے خاندانوں کو جنہوں نے اس ہولناک حادثے میں اپنے عزیز و اقارب کھوئے ہیں کو دلی تعزیت پیش کرتے ہیں اور ہم ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
اس سانحے میں زخمی ہونے والوں کے لئے بھی دعا گو ہیں کہ وہ جلد از جلد صحب یاب ہوں۔ اس موقع پر وہاں کے لوگوں نے حادثے کے متاثرین کو فوری کارروائی کرتے ہوئے جو مدد پہنچائی، وہ یقینا قابل ستائش عمل ہے۔“ یہ باتیں جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر پروفیسر محمد سلیم انجینئر نے میڈیا کو جاری اپنے بیان میں کہی۔
انہوں نے کہا کہ ”یہ انتہائی افسوسناک بات ہے کہ اتنا بڑا ٹرین حادثہ پیش آیا جس مین 280 سے زائد افراد جان بحق ہو گئے اور 900 سے زیادہ زخمی ہوئے۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ حادثہ سگنلنگ میں ناکامی کی وجہ سے پیش آیا جس میں چنئی جانے والی کورومنڈیل ایکسپریس، ہاوڑہ جانے والی بنگلورو – ہاوڑہ سپر فاسٹ ایکسپریس اور ایک مال گاڑی اس حادثے کا شکار ہوئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ”جماعت اسلامی ہند اس حادثے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرانے اور انکوائری کے نتائج کو عام کرنے کا مطالبہ کرتی ہے۔ جو لوگ اس حادثے کے قصوروار ہیں، انہیں سزا دی جائے اور متاثرہ خاندانوں کو معاوضہ دیا جائے۔ ساتھ ہی حکومت ٹھوس اقدامات کرکے اس بات کو یقینی بنائے کہ اس طرح کا حادثہ مستقبل میں پھر کبھی نہ دہرائے۔