قومی خبریں

عازمین حج بھی محفوظ نہیں، بس پر پتھراؤ، کئی زخمی

نئی دہلی: راجستھان کے کوٹا شہر میں عازمین حج کی بس پر پتھراؤ کیا گیا جس کی وجہ سے چند عازمین حج زخمی ہوگئے۔ یہ بس عازمین کو لے کر جے پور جارہی تھی جہاں اسے انہیں سعودی عرب کے لئے روانہ ہونا تھا۔

بس میں موجود عازمین حج کا کہنا تھا کہ کسی کا کسی سے کوئی جھگڑا نہیں ہوا، بس پر ’حج یاترا‘ کا فلیکسی بیانر بھی لگایا گیا تھا، جسے دیکھ کر کچھ لوگوں نے بس پر پتھراؤ کردیا۔ یہ واقعہ کوٹا شہر کے کنہڑی تھانہ علاقے کی بنڈی روڈ پر پیش آیا۔

ابتدائی رپورٹس کے مطابق پتھراؤ کرنے والے ملزمین فرار ہوگئے دوسری طرف اسٹیشن ہاؤز آفیسر گنگا سہائے شرما نے کہا ہے کہ کوٹا سے ایک پرائیویٹ بس عازمین حج کو لے کر جے پور جا رہی تھی۔
کینال روڈ پر کیشو رائے پت چوراہے کے قریب کچھ لوگ کار اور بائیک سے جا رہے تھے۔ ان کی گاڑی عازمین حج سے بھری بس سے ٹکرا گئی۔ اس بات پر ان لوگوں کا بس ڈرائیور سے جھگڑا ہوگیا۔

اس دوران بس میں سوار عازمین حج بھی نیچے اتر گئے اور دونوں فریقوں کے درمیان بحث ہوگئی۔ اس پر موٹر سائیکل اور کار میں سوار لوگوں نے کچھ عازمین حج کو مارا پیٹا اور بس پر پتھراؤ شروع کر دیا جس کے نتیجہ میں بس کے شیشے ٹوٹ گئے اور کچھ دیگر عازمین حج زخمی ہوگئے۔

پولیس افسر نے کہا کہ اس معاملہ میں 6 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ پرائیویٹ بس میں سوار مسافروں اور روڈ ویز بس ڈرائیور نے پولیس میں شکایت درج کرائی۔
پرائیویٹ بس ڈرائیور کی رپورٹ پر دفعہ 307 اور روڈ ویز بس ڈرائیور کی رپورٹ پر مارپیٹ اور سرکاری کام میں رکاوٹ ڈالنے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ زخمیوں کو علاج کے لئے دواخانہ منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس کے پہنچنے سے پہلے ہی شرپسند فرار ہو گئے۔ پولیس نے 108 ایمبولینس کی مدد سے تمام زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا اور سڑک پر ٹریفک کو بحال کرایا۔

انہوں نے بتایا کہ نامعلوم اشرار کے خلاف شکایت موصول ہوئی، فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے شرپسندوں کی نشاندہی کی جس کی بنیاد پر 6 افراد کو گرفتار کیا گیا، تحقیقات جاری ہیں۔