نئے یونیفارم میں حجاب شامل
مسلم دنیا

برٹش ایئرویز کے نئے یونیفارم میں حجاب شامل

 برطانیہ کی فضائی کمپنی برٹش ایئرویز کی جانب سے حجاب کے آپشن کے ساتھ عملے کے لیے نیا یونیفارم متعارف کروایا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانوی فضائی کمپنی کے یونیفارم میں گزشتہ 20 سال میں یہ پہلی بڑی تبدیلی کی گئی ہے۔ اس میں مردوں کے لیے تھری پیس سوٹ اور خواتین کے لیے کئی آپشنز شامل ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق فضائی کمپنی کی خواتین ملازمین کے یونیفارم میں جدید جمپ سوٹ، حجاب، نیم آستین والی شرٹ اور دیگر آپشن موجود ہیں۔

برٹش ایئرویز نے کہا ہے کہ حجاب ثقافتی اور مذہبی جذبات کا احترام کرتے ہوئے آرام اور سہولت کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق برٹش ایئرویز کے انجینئرز اور گراؤنڈ عملہ سب سے پہلے نیا یونیفارم پہنے گا جس کے بعد طیارے کا عملہ (کیبن کریو)، پائلٹ اور چیک ان ایجنٹس مرحلہ وار نیا یونیفارم پہنیں گے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کئی مقامات پر حجاب کے خلاف مسلم خواتین کو ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ مغربی دنیا میں کئی نامور مسلم خواتین نہ صرف عوامی مقامات پر بلکہ سرکاری اداروں میں بھی حجاب کا استعمال کررہی ہیں۔