یونین پبلک سروس کمیشن نے سول سروسز امتحان کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔ ان امتحانات میں جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے 7 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے جن میں جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے علاقہ کے رہنے والے وسیم احمد بھٹ سرفہرست ہے جنہوں نے 7 واں رینک حاصل کیا ہے۔
سول سروسز امتحان کے نتائج میں جنوبی کشمیر کے اننت ناگ سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان نے شاندار کار کردگی کا مظاہرہ کرکے 7 واں رینک حاصل کیا ہے۔
اس سول سروسز امتحان میں جموں وکشمیر کے ضلع پونچھ سے تعلق رکھنے والی ایک امیدوار نے 11 واں رینک حاصل کیا ہے۔ اس امتحان میں جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والے کل 7 امیدواروں نے کامیابی حاصل کرکے نہ صرف اپنے والدین بلکہ کشمیر کا نام روشن کیا ہے۔
جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے ڈورو سے تعلق رکھنے والے وسیم احمد بٹ نے اس امتحان میں 7 واں رینک حاصل کیا ہے۔ 24 سالہ وسیم احمد نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سری نگر سے سول انجینئیرنگ میں بی ٹیک کیا ہے۔ انہوں نے سال 2021 میں یو پی ایس سی امتحان میں 225 واں رینک حاصل کیا تھا۔
وسیم احمد بھٹ کے والد محمد یوسف بھٹ نے کہا ہے کہ میرے بیٹے نے پچھلے سال بھی اس امتحان میں کامیابی حاصل کی تھی اور اسے 225 واں رینک حاصل ہوا تھا تاہم اس مرتبہ وسیم بھٹ نے ساتواں رینک حاصل کیا جس پر میں بے حد خوش ہوں۔ محمد یوسف بھٹ نے کہا کہ یہ اننت ناگ اور کشمیر کے لئے قابل فخر اور خوشی کی خبر ہے۔ ہم سب خدا کے بہت شکر گزار ہیں۔
نتائج کے اعلان کے ساتھ ہی اننت ناگ اور پونچھ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور دونوں کامیاب امیداروں کے گھروں پر لوگوں کا مبارک بادی دینے کے لئے سلسلہ جاری ہے۔
جموں و کشمیر کے پونچھ سے تعلق رکھنے والی پرسنجیت کور نے اس امتحان میں 11 واں رینک حاصل کیا ہے۔ سول سروسز امتحان میں جموں وکشمیر کے جن امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے ان میں وسیم احمد بٹ، پرسنجیت کور، نتن سنگھ، نوید احسان بٹ، منان احمد بٹ، عرفان چودھری اور نرواناہو ہنس شامل ہیں۔
واضح رہے کہ اس امتحان میں بھی لڑکیوں نے لڑکوں پر سبقت حاصل کرکے پہلی تین پوزیشنوں پر قبضہ جمایا ہے۔ ملک بھر میں اس امتحان میں کل 30 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے۔