آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کو پے در پے بڑے صدمے پیش آرہے ہیں، ابھی بورڈ کے صدر عالی قدر مرشد الامت حضرت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی نوراللہ مرقدہ کی رحلت کا غم تازہ تھا کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے سکریٹری اور اس کی لیگل سیل کے بہت ہی فعال رکن ایڈوکیٹ جناب ظفریاب جیلانی اللہ کو پیارے ہوگئے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون
ظفریاب جیلانی صاحب منجھے ہوئے وکیل اور ملی درد رکھنے والے انسان تھے، انہوں نے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ سے جڑ کر اپنے بساط بھر خدمت انجام دی، بورڈ میں انکی قانونی مہارت کی وجہ سے ان کی رائے کا وزن محسوس کیا جاتا تھا، عرصے تک بورڈ کے رکن کی حیثیت سے انہوں نے خدمت انجام دی،
پھر اپنی صلاحیت اور بورڈ کے کاموں میں دلچسپی کی وجہ سے بورڈ کے سکریٹری منتخب ہوئے اور جنرل سکریٹری بورڈ حضرت مولانا سید محمد ولی رحمانی رحمۃ اللہ علیہ کے شانہ بشانہ کام کیا۔ گھر میں سیڑھیوں سے گر جانے کی وجہ سے وہ صاحب فراش ہوگئے تھے اور آج مورخہ 17، مئی 2023، بروز بدھ دوپہر بارہ بجے وہ اس دار فانی سے دار باقی کی طرف رحلت کرگئے۔
تمام حضرات سے ان کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کی درخواست ہے۔