اولاد اللہ تعالی کی ایک انمول نعمت ہوتی ہے جو لوگ اس نعمت سے محروم ہوتے ہیں انہیں ہی اس کی اہمیت اور محرومی کا غم معلوم ہوتا ہے۔ اور جن لوگوں کو کئی سالوں بعد یہ نعمت حاصل ہوتی ہے ان کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں ہوتا۔ ایسا ہی ایک واقعہ سعودی عرب میں پیش آیا جہاں ایک جوڑے کو چھ سال اولاد کی محرومی کے بعد انہیں یہ نعمت حاصل ہوئی ہے۔
سعودی عرب میں 6 سال سے اولاد سے محروم خاتون کے یہاں ایک ساتھ 3 لڑکیاں پیدا ہوئیں ہیں، ایک ساتھ تین لڑکیوں کی پیدائش پر ان کے والد خدا کی رحمت پر خوشی سے بھولے نہیں سمارہے ہیں
عرب میڈیا کے مطابق نجران ریجن کا رہنے والا سعودی جوڑا شادی کے 6 سال بعد ایک ساتھ 3 بچیوں کا باپ بن گیا، نومولود بچیوں کے نام اسما، سما اور سحاب رکھے گئے ہیں۔ وزارت صحت نے مقامی شہری کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ اپنی تینوں بچیوں کو گود میں لیے ہوئے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین نے وزارت صحت کے اعلامیہ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے خاندان کو دعاؤں سے نوازا۔ نومولود لڑکیوں کے والد کا کہنا ہے کہ وہ طویل عرصے سے خدا کی رحمت کا انتظار کر رہے تھے اور خدا نے انہیں خالی ہاتھ نہیں لوٹایا اور ان کا دامن خوشیوں سے بھر دیا۔