بہادر پولیس آفیسر اظہر الدین خان
حالات حاضرہ

بچوں کی جان بچانے والے بہادر پولیس آفیسر اظہر الدین خان

مغربی بنگال میں ایک بہادر مسلم پولیس آفیسر نے بندوق بردار شخص کے ذریعہ ہائی جیک کردہ اسکولی بچوں کو اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے بچایا جس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے۔

مالدہ: مغربی بنگال کے مالدہ ضلع کے، کے موچیا چندر موہن ہائی اسکول میں بندوق بردار ایک نوجوان نے ایک کلاس روم کو ہائی جیک کرلیا۔ اس وقت بڑی تعداد میں طلبا و طالبات کلاس روم میں موجود تھے۔ مالدہ کے بہادر ڈی ایس پی اظہرالدین نے مسلح شخص کو بات میں الجھاتے ہوئے اچانک اس کے جسم پر کود پڑے اور قابو میں کرلیا۔

اسکول کے اساتذہ نے بتایا کہ اسکول کا گیٹ بند تھا صرف آمدو رفت کیلئے ایک چھوٹا دروازہ کھولا رکھا گیا تھا۔ اچانک ایک شخص اسکول میں داخل ہوا اور ایک کلاس روم میں جہاں چھوٹے بچے اور بچیاں تھیں کو ہائی جیک کرلیا۔اس کے پاس بندوق، تیزاب سے بھری دو بوتلیں اور دیگر اسلحہ تھا۔

اسکول انتظامیہ نے فورا اس واقعے کی اطلاع پولیس کو دی تھی۔ اس درمیان خبر پھیلتے ہی بچوں کے سرپرست اسکول کے احاطے میں داخل ہوگئے اور واقعہ کی وجہ سے پورے علاقے میں کہرام مچ گیا ہے۔ مسلح شخص میڈیا اہلکار سے بات کررہا تھا کہ اسی دوران سادہ لباس میں ملبوس مالدہ ضلع کے ڈی ایس پی اظہرالدین نے مسلح شخص کو قابو میں کرلیا۔

ڈی ایس پی اظہرالدین خان نے بتایا کہ وہ اپنے دفتر میں بیٹھے تھے کہ اچانک بدھ کی دوپہر کو ایک خبر آئی کہ ایک بندوق بردار موچیا چندر موہن ہائی اسکول میں داخل ہوگیا ہے اور بچوں کو ہائی جیک کرلیا ہے۔ میں فورا اسکول پہنچ گیا۔ چوں کہ مسلح شخص بچوں کے قریب کھڑا تھا۔ معمولی سی حرکت کی وجہ سے وہ بچوں پر بھی بندوق چلا سکتا تھا۔ اس کی وجہ سے پولیس اہلکار آگے نہیں بڑھ رہے تھے۔ اس وقت ڈی ایس پی اظہر الدین نے اچانک اپنی جان خطرے میں ڈال کر بندوق بردار کے اوپر چھلانگ لگائی اور اس کو قابو میں کرلیا۔

اظہرالدین خان نے کہا کہ انہوں نے اپنا فرض ادا کیا ہے اور یہ خوش قسمتی کی بات ہے کہ اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔

وزیر اعلی ممتا بنرجی نے مالدہ ضلع کے ڈی ایس پی اظہر الدین کے اس جرأت مندانہ اقدام کی ستائش کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ پولیس آفیسر کے اس اقدام کی وجہ سے معصوم بچوں کی جان بچ گئی۔