لکھنؤ: اترپردیش بورڈ کے دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا، جس میں ضلع ایودھیا کے حسنو پور علاقے سے تعلق رکھنے والی طالبہ مشکوۃ نور نے نمایاں کامیابی حاصل کرکے نہ صرف اپنے والدین بلکہ ضلع کا نام روشن کیا ہے۔
طالبہ نے ریاست میں دوسرا مقام حاصل کیا ہے اور ضلع میں پہلے مقام پر کامیابی حاصل کی ہے۔ جس سے نہ صرف ان کے اہل خانہ بلکہ ضلع کے لوگوں میں خوشی کی لہر ہے۔
مشکوۃ نور نے کہا کہ اس کامیابی کے لیے سب سے پہلے اللہ کا شکر ادا کرتی ہوں۔ اس کے بعد اپنے والدین کی محنت و تعاون کرنے پر شکر گزار ہوں اور ہمارے اساتذہ نے بھی کافی محنت و لگن کے ساتھ ہمارا تعاون کیا، جس کے بعد یہ کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
مشکوۃ نور نے دسویں جماعت میں 97۔83 فیصد نمبرات حاصل کئے ہیں۔ انہوں نے مجموعی نمبر 600 میں سے 587 نمبر حاصل کر ریاست میں دوسرے مقام پر کامیابی حاصل کی ہے۔
مشکوۃ نور نے کہا کہ میرا ڈاکٹر بننے کا خواب ہے۔ نیٹ کے امتحان میں بھی کامیابی حاصل کرنے کی پوری جدوجہد کروں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ابتدائی دنوں سے ہی محنت شروع کر دی تھی اور جو اہم کتابیں تھیں اس کو کافی توجہ سے پڑھتی تھی، جس کے بعد کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
مشکوۃ نور کے والد ایک مدرسے میں ٹیچر ہیں، جس کی وجہ سے ان کی ابتدائی تعلیم مدرسہ میں ہوئی۔ اس کے بعد ایودھیا کے کنوس کانونٹ میں داخلہ لیا۔ ان کی شاندار کامیابی پر نہ صرف ان کے اہلخانہ بلکہ سبھی لوگ کافی خوش ہیں