میرٹھ کی اریبہ خان
قابلِ فخر مسلم نوجوان

میرٹھ کی اریبہ خان کی دہلی پی سی ایس جے امتحان میں کامیابی

اللہ تعالی کسی کی کوشش اور جدوجہد کو رائیگاں نہیں فرماتا اور اگر سچے دل سے کسی چیز کو حاصل کرنے کے لئے محنت کی جائے تو وہ ضرور حاصل ہوجاتی ہے اور اس بات کو میرٹھ کی اریبہ نے دہلی پرووینشیل سول سروس جوڈیشل امتحان (Delhi Pcs J) میں جج کے طور پر کامیابی حاصل کرکے ثابت کیا ہے۔

میرٹھ: ریاست اترپردیش کے میرٹھ کے شاستری نگر کی رہنے والی اریبہ خان نے دہلی پرووینشیل سول سروس جوڈیشل امتحان (پی سی ایس جے) میں 68 واں رینک حاصل کر کے کامیابی حاصل کی ہے اب وہ جج کے فرائض انجام دیں گی۔ اریبہ کی اس کامیابی سے اس نے نہ صرف اپنے والدین بلکہ ریاست اتر پردیش کا نام روشن کیا۔

وہیں اریبہ خان نے کہا کہ دہلی پی سی ایس جے امتحان کی تیاری کے لیے اس نے کالج میں کلاسز کرنے کے ساتھ اپنے مضمون پر خاص توجہ دی۔ اس دوران جیسے جیسے امتحان کی تاریخ قریب آتی گئی، اس نے اپنے مضامین کی تیاری کے لیے وقت بڑھا دیا در اصل اسے اپنا مقصد حاصل کرنا تھا۔

اریبہ کے والد کا کہنا ہے کہ بیٹیاں کبھی بوجھ نہیں ہوتی اگر صحیح طرح سے ان کی پرورش کی جائے تو وہ بھی اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے نہ صرف اپنا بلکہ والدین، شہر اور ملک کا نام روشن کرسکتی ہیں اور یہ اریبہ نے کر کے دکھا دیا ہے۔ اریبہ کے والد کا کہنا ہے کہ اگر ان کے یہاں اور بیٹیاں ہوتی تو شاید وہ سماج اور ملک کی اور زیادہ خدمت کر سکتیں تھیں.

اریبہ کے والد نے کہا کہ اریبہ خان آج نہ صرف جج کے عہدے پر کامیابی حاصل کی ہے بلکہ سماج میں مظلوموں کو انصاف دلانے کے لیے کام کرنا چاہتی ہے۔ اریبہ جیسی بیٹیاں دوسری بیٹیوں کے لیے بھی ایک رول ماڈل کی شکل سامنے آئی ہے۔

واضح رہے کہ پچھلے کچھ سالوں کے دوران مسلم لڑکیوں میں بھی اعلی تعلیم حاصل کرنے کا رجحان پیدا ہوا ہے، اس دوران متعدد مسلم لڑکیوں نے مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے، جن میں یونین پبلک سروس کمیشن کے امتحانات میں کامیابی قابل ذکر ہے۔