رمضان المبارک کس طرح گزاریں
قومی خبریں

رمضان المبارک میں مہاراشٹر میں امن وامان بحال رہے گا

سماج وادی پارٹی صدر اور ایم ایل اے ابو عاصم اعظمی کی قیادت میں ایم ایل اے رئیس شیخ بھیونڈی اور علمائے کرام کے ایک وفد نے رمضان المبارک میں امن وامان کے تعلق سے وزیر اعلی ایکناتھ شنڈے سے ملاقات کی۔ اس دوران مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندےنے تیقن دیا ہے کہ ماہ رمضان المبارک میں ممبئی سمیت مہاراشٹر میں امن وامان بحال رہے گا اور کسی بھی طرح کی شرانگیزی اور شرپسندکی کو برداشت نہیں کیا جا ہے گا۔

اس موقع پر ابوعاصم اعظمی نے کہاکہ کل سے ماہ مقدس رمضان کا آغاز ہونے والا ہے اور ریاست میں چند فرقہ پرست عناصر نے اشتعال انگیزی اور شرانگیزی پھیلا رکھی ہے جبکہ تلنگانہ سے راجہ سنگھ جیسے شرپسند لیڈر یہاں آکر اشتعال انگیزی کررہے ہیں جبکہ لو جہاد ہے نام پر بڑی تعداد میں ریلیاں نکال کر ممبئی اور ریاست کا ماحول خراب کیا جارہا ہے ،اس لیے ماہ رمضان میں ایک مخصوص فرقہ کے خلاف متحرک فرقہ پرست عناصر کو روکنے کی ضرورت ہے۔

وزیراعلی ایکناتھ شندےنے ممبئی کے پولیس کمشنر سے ٹیلی فون پر گفتگو کی اور انہیں ہدایت دی کہ ماہ رمضان میں شہر میں امن برقرار رکھنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے اور امن کو نقصان پہنچانے والوں سے سختی سے نمٹا جائے۔

واضح رہے گزشتہ روز بھی علماء کے وفد نے پولیس کمشنر دو یک پھنسلکر سے ملقات کی تھی اور انہوں نے بھی کہاکہ رمضان المبارک کے لئے ممبئی پولیس مستعد ہے اس لئے مسلمانوں کو فکر کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے، رمضان خود احتسابی اور عبادت وریاضت کا مہینہ ہے اس میں مسلمان بھوک و پیاس برداشت کر کے اللہ رب العزت کی خوشنودی حاصل کرتا ہے۔

واضح رہے کہ ممبئی سمیت مہاراشٹر کے دیگر اضلاع میں فرقہ پرست عناصر کی جانب سے ریلیاں نکالی گئیں جن میں لو جہاد لینڈ جہاد اور تبدیلی مذہب کے نام پر مسلمانوں کے خلاف بیانات اور اشتعال انگیزی کی گئی اس دوران مسلمانوں کے معاشی بائیکاٹ کی اپیل بھی کی گئی۔