WhatsApp's new privacy policy postponed for three months
قومی خبریں

مغل بادشاہ اورنگزیب کا واٹس ایپ پر اسٹیٹس لگانے کے الزام میں مقدمہ

کولہاپور: ریاست مہاراشٹر کے کولہاپور ضلع میں اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کے خلاف اتوار کے روز ایک مقدمہ درج کیا گیا جس نے مبینہ طور پر مغل بادشاہ اورنگزیب کا اسٹیٹس اپنے واٹس ایپ پر لگایا تھا۔ ایک پولیس اہلکار کے مطابق ایک شکایت کی بنیاد پر دفعہ (کسی بھی طبقے کے مذہب کی توہین کے ارادے سے عبادت گاہ کو نقصان پہنچانا یا اس کی بے حرمتی کرنا) اور تعزیرات ہند کی دیگر متعلقہ دفعات کے تحت وڈگاؤں پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق مذکورہ شخص نے مبینہ طور پر اپنے واٹس ایپ اسٹیٹس پر شہنشاہ اورنگزیب کی ستائش کی تھی اور یہ معاملہ 16 مارچ کو سامنے آیا تھا۔ اس معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے، اہلکار نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا پر کسی بھی مذہب کے بارے میں کوئی توہین آمیز پوسٹ نہ کریں۔

واضح رہے کہ مرکزی حکومت کی جانب سے حال ہی میں مہاراشٹر کے شہر اورنگ آباد کا نام تبدیل کردیا گیا ہے جو مغل بادشاہ اورنگزیب کے نام سے موسوم تھا، شہر کا نام تبدیل ہونے کے بعد کثیر تعداد میں لوگوں نے احتجاج کیا۔ اورنگ آباد نام تبدیل کرنے کے خلاف آل انڈیا مجلس اتحادالمسمین کے رکن پارلیمان امتیاز جلیل کی سربراہی میں مقامی عوام نے حکومت کے اس فیصلے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے شدید برہمی کا اظہار کیا۔

خیال رہے کہ بی جے پی دور اقتدار میں کئی تاریخی مقامات، شہروں اور سڑکوں کے نام تبدیل کیے گئے ہیں جن میں قابل ذکر الہ آباد، اورنگ آباد وغیرہ شامل ہیں۔