رام اللہ: فلسطینی وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مغربی کنارے کے شہر رام اللہ کے قریب چاقو سے حملہ کرنے کی کوشش کرنے پر اسرائیلی فوجیوں نے ایک فلسطینی کو شہید کر دیا۔ 23 سالہ یزان خصیب جمعہ کو شہر کے شمال میں اسرائیلی فوجیوں کی گولی لگنے سے شہید ہوگیا۔
سنہوا نیوز ایجنسی کے مطابق، اسرائیلی فوج کے ایک ترجمان نے ایک پریس بیان میں کہا ہے کہ ایک نوجوان فلسطینی نے رام اللہ کے شمال میں ایک اسرائیلی فوجی کو چاقو مارنے کی کوشش کی جس کے بعد اس پر فائرنگ کی گئی۔
علاقے میں موجود دیگر اسرائیلی فوجیوں نے حملہ آور کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔ بیان کے مطابق اس کے ساتھ ایک چاقو برآمد ہوا، اور کوئی اسرائیلی فوجی زخمی نہیں ہوا۔ مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم میں اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے درمیان حالیہ مہینوں میں کشیدگی بڑھ رہی ہے اور ان دنوں فلسطینی افراد اور اسرائیلی فورسز کے درمیان جھڑپ کے کئی واقعات پیش آچکے ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت نے کہا کہ رواں سال اسرائیلی فوجیوں کے ہاتھوں 89 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ دریں اثناء اسرائیل کے سرکاری اعداد و شمار کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کے حملوں میں 14 اسرائیلی ہلاک ہوئے ہیں۔