مسلم-مخالف-واقعات
قومی خبریں

کرناٹک: سری راما سینا کا رہنما مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز تقریر کرنے پر قصوروار

ریاست کرناٹک میں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز جرائم میں پچھلے دو سالوں میں کافی اضافہ دیکھا گیا ہے۔ ریاست میں کئی مواقع پر مسلمانوں کا معاشی بائیکاٹ کی اپیل کی گئی تھی اور انہیں مختلف طریقوں سے ہراساں کیا گیا۔

یادگیر: کرناٹک کی مقامی عدالت نے جمعہ کو سری راما سینا کے ریاستی صدر سدالنگا سوامی کو نفرت انگیز تقریر کا قصوروار ٹھہرایا۔

کرناٹک پولیس نے 2015 میں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز تقریر کرنے کے سلسلے میں سوامی جی کے خلاف ایف آئی آر درج کی تھی۔ یادگیر کی سول عدالت کے جج رویندر ہونول نے فیصلہ سنایا کہ سدالنگا سوامی نفرت انگیز تقریر کرنے کے قصوروار ہیں۔

عدالت کی جانب سے افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سدالنگا سوامی کا پس منظر اور تاریخ پیش کریں۔ رپورٹ کی بنیاد پر سزا کی مقدار کا فیصلہ کیا جائے گا۔

سدالنگا سوامی نے 2 جنوری 2015 کو یادگیر کے گورنمنٹ جونیئر کالج گراؤنڈ میں وشو ہندو پریشد کے زیر اہتمام ایک عوامی تقریب میں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز تقریر کی تھی۔

یادگیر پولیس نے آئی پی سی کی دفعہ 153 (A) اور 295 کے تحت مقدمہ درج کیا تھا اور اس کے خلاف مذہب، نسل، جائے پیدائش، رہائش کی بنیاد پر مختلف گروہوں کے درمیان دشمنی کو فروغ دینے اور مذہبی اشتعال انگیزی کے مقصد سے جان بوجھ کر اور بدنیتی پر مبنی حرکتیں کرنے پر چارج شیٹ پیش کی تھی۔

واضح رہے کہ ریاست کرناٹک میں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز جرائم میں پچھلے دو سالوں میں کافی اضافہ دیکھا گیا ہے۔ ریاست میں کئی مواقع پر مسلمانوں کا معاشی بائیکاٹ کی اپیل کی گئی تھی اور انہیں مختلف طریقوں سے ہراساں کیا گیا۔