hajj
مسلم دنیا

رمضان کے پہلے 13 دن عمرہ کے لیے مکمل طور پر بُک

ریاض: مملکت سعودی عرب میں مکہ المکرمہ کی عظیم الشان مسجد الحرام میں رمضان کے مقدس مہینے کے دوران عمرہ کرنے کی بکنگ مہینے کے پہلے 13 دنوں کے لیے مکمل طور پر بک ہوگئی ہے اور ان 13 دنوں میں اب مزید کوئی بکنگ نہیں ہوسکےگی۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق عمرہ ادا کرنے کے لیے ‘نُسُک’ ایپلیکشن پر کی گئی بکنگ میں مملکت کے اندر اور باہر سے زبردست ٹرن آؤٹ دیکھنے میں آیا ہے۔

عربی روزنامہ اوکاز کی ایک رپورٹ کے مطابق نسک ایپ کے ذریعے اب تک کی گئی بکنگ کے بریک ڈاؤن سے ظاہر ہوتا ہے کہ رمضان کے آخری 10 دنوں سمیت مہینے کے 13 دن پہلے ہی مکمل بک ہو چکے ہیں۔

قبل ازیں سعودی وزارت حج و عمرہ کے انڈر سیکرٹری اور عمرہ امور کے معاون عبدالرحمان شمس نے بتایا تھا کہ رمضان المبارک کے مہینے میں مملکت سے باہر سے عمرہ کے لیے نسک پلیٹ فارم پر رجسٹرڈ ہونے والوں کی تعداد پیر 13 مارچ تک تقریباً 800,000 تک پہنچ گئی۔

رمضان المبارک کو عام طور پر عمرہ کے لیے اہم ترین ماہ مانا جاتا ہے اور اس ماہ میں سعودی عرب اور بیرون ممالک سے کثرت سے لوگ عمرہ کرنے پہنچتے ہیں۔

عمرہ اسلام کے مقدس ترین شہروں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں دو مقدس ترین مقامات کی زیارت ہے اور عمرہ سال کے کسی بھی وقت ادا کیا جا سکتا ہے۔ یہ حج سے مختلف ہے، جو سال میں ایک بار ہوتا ہے۔ حج بیت اللہ صاحب استطاعت مسلمان آزاد شخص پر عمر بھر میں ایک مرتبہ فرض عین ہے، جبکہ عمرہ کرنا فرض نہیں ہے۔