accident
مسلم دنیا

بیٹے کی کار کی زد میں آکر باپ ہلاک

سعودی عرب کے نجران میں ایک انتہائی دلخراش سڑک حادثہ پیش آیا جس میں کمسن بچے کی کار کی زد میں آکر باپ شدید زخمی ہوگیا اور بعد ازاں ہاسپٹل میں فوت ہوگیا۔

قاہرہ: ایک مقامی اخبار الوطن کے مطابق سعودی عرب کے علاقے میں ایک شخص کو اس کے 12 سالہ بیٹے نے ٹکر مار دی جو گاڑی چلانا سیکھ رہا تھا۔ الوطن نے مزید کہا کہ والد اس واقعے میں زخمی ہونے کی وجہ سے انتقال کر گئے۔

جنوب مغربی سعودی عرب کے نجران میں سعودی ہلال احمر برانچ کے ترجمان نے بتایا کہ انہیں جمعہ کے روز رن اوور کے ایک واقعے کے بارے میں اطلاع دی گئی جس میں ایک 65 سالہ شخص کو کار کی زد میں آنے سے شدید چوٹیں آئی تھیں۔

ذرائع کے مطابق یہ شخص اپنے اہل خانہ کے ساتھ سیر وتفریح کے لئے گیا ہوا تھا اور اپنے چھوٹے بچے کو ڈرائیونگ سکھا رہا تھا۔ اس نے لڑکے کو گاڑی چلانے کے لئے دے دی اور خود باہر ہی ٹہرا رہا، اسی دوران لڑکا گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور وہ شخص کار کی زد میں آگیا جس کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس شخص کو گاڑی کے نیچے سے نازک حالت میں نکالا گیا۔ بعد میں اسے مقامی ہسپتال میں مردہ قرار دیا گیا۔

حالیہ برسوں میں سعودی عرب نے حادثات سے بچنے کے لیے ٹریفک قوانین میں سختی اور جرمانے میں شدت پیدا کی ہے۔ مملکت میں ٹریفک حکام نے گاڑی چلانے والوں پر بار بار زور دیا ہے کہ وہ گاڑیوں کے اندر بچوں کے لیے سیٹیں مختص کریں تاکہ ان کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

چائلڈ سیفٹی سیٹ کا استعمال نہ کرنا ٹریفک کی خلاف ورزی تصور کیا جاتا ہے، جس کی سزا SR300 سے SR500 تک جرمانہ ہے۔ نومبر 2021 میں سعودی ٹریفک حکام نے چائلڈ سیفٹی سیٹ متعارف نہ کرانے والوں کے خلاف کاروائی کا آغاز کردیا تھا اور ان پر بھاری جرمانے عائد کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا۔