مہنگائی سے پریشان پاکستانی نوجوان
مسلم دنیا

ائے اللہ! پاکستان کو بھی ایک مودی دے دے: مہنگائی سے پریشان نوجوان کی خواہش

پاکستان کے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کیا جارہا ہے جس میں پاکستانی نوجوان کو ملک کی ابتر صورتحال اور مہنگائی پر شہباز شریف حکومت پر سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے اور ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کی ستائش کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ پاکستان کی مشہور یوٹیوبر ثنا امجد نے یہ ویڈیو شیئر کیا ہے جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گیا۔

ویڈیو میں پاکستانی نوجوان نے خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی پاکستان پر حکومت کررہے ہوتے تو وہ لوگ بھی مناسب قیمتوں پر روز مرہ کی ضروری اشیاء خرید سکتے تھے۔ اس ویڈیو میں پاکستانی صحافی کو اس نوجوان سے یہ پوچھتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ سڑکوں پر یہ نعرہ کیوں لگایا جارہا ہے’’پاکستان سے زندہ بھاگو چاہے انڈیا چلے جاؤ‘‘۔

اس شخص نے جواب دیا کہ اس کی خواہش ہے کہ کاش وہ پاکستان میں پیدا نہ ہوا ہوتا۔ نوجوان نے مہنگائی سے ہونے والی شدید تکلیف کا اظہار کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ کاش دونوں ملکوں کا بٹوارہ نہ ہوا ہوتا۔ وہ اور اس کے ہم وطن بھی مناسب قیمتوں پر اشیائے ضروریہ خرید سکتے تھے اور ہر رات اپنے بچوں کا پیٹ بھرسکتے تھے۔

نوجوان نے کہا کہ ’’ کاش پاکستان، ہندوستان سے الگ نہ ہوا ہوتا تو ہم بھی 20 روپے کیلو ٹماٹر، 150 روپے کلو چکن اور 150 روپے لیٹر پٹرول خرید سکتے تھے۔‘‘اس نے شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ ’یہ کتنا احمقانہ ہے کہ ہمیں ایک اسلامی ملک ملا لیکن ہم یہاں اسلامی حکومت قائم نہیں کرسکے‘ اور نہ ہی ہمارے ملک میں اسلام کی کوئی جھلک نظر آتی’۔

نوجوان نے کہا کہ ’’ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی ہم سے کہیں بہتر ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ہندوستان کے عوام ان کی عزت کرتے ہیں اور ان کی بات مانتے ہیں۔اگر ہمارے پاس نریندر مودی ہوتے تو ہمیں نہ نواز شریف کی ضرورت تھی نہ بے نظیر کی اور نہ عمران کی اور نہ ہی (سابق فوجی حکمراں)جنرل پرویز مشرف کی۔ ہمیں صرف مودی چاہئے کیونکہ صرف وہی ملک کے تمام شرپسند عناصر سے نمٹ سکتے ہیں۔‘‘

پاکستان کے اس باہمت نوجوان نے کیمرے کے سامنے برملا کہا کہ ’’ فی الحال ہندوستان دنیا کی پانچویں بڑی معیشت ہے جبکہ ہم ان کے سامنے کہیں نہیں ٹکتے۔ اس نے کہا کہ میں مودی کی حکومت میں جینے کیلئے تیار ہوں۔ مودی ایک عظیم شخصیت ہیں اور وہ برے انسان نہیں ہیں۔‘‘

نوجوان نے کہا کہ ’’ہندوستان میں ٹماٹر اور چکن واجبی دام پر مل رہے ہیں، جب آپ رات میں اپنے بچوں کو کھانا نہیں کھلاسکتے تو آپ اس ملک کو کوسنا شروع کردیتے ہیں جہاں آپ پیدا ہوئے تھے۔ اُس نے اشکبار آنکھوں کے ساتھ کہا کہ ‘ میری اللہ سے دعا ہے کہ ہمیں مودی مل جائے اور ہمارے ملک پر حکومت کرے۔ پاکستانیوں کو ہندوستان کے ساتھ اپنا تقابل بند کردینا چاہئے کیونکہ دونوں ملکوں کے درمیان تقابل ممکن نہیں۔‘‘