مولانا حامد محمد خان
تلنگانہ

دکھ کی اس گھڑی میں ہم ترک عوام کے ساتھ ہیں: امیر حلقہ تلنگانہ مولانا حامد محمد خان

ترکی کے جنوبی اور وسطی ریاستوں میں قیامت خیز زلزلہ آیا جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ، جن میں مرد، خواتین اور بچے شامل ہیں، ہلاک ہو چکے ہیں اور بے شمار لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ ملک شام بھی اس زلزلہ سے متاثر ہوا ہے۔

امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ مولانا حامد محمد خان کی قیادت میں جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ کے ایک وفد نے آج ترک قونصلیٹ جنرل، جوبلی ہلز، حیدرآباد پہنچ کر قونصل جنرل ترکی متعینہ حیدرآباد جناب اورہان یلمان اوکان سے ملاقات کی اور گزشتہ دنوں ترکی میں پیش آنے والے ہلاکت خیز زلزلہ کے نتیجے میں ہزاروں افراد کے لقمہ اجل بن جانے اور لاکھوں افراد کے متاثر ہو جانے پر اظہار تعزیت کیا۔

انہوں نے اپنے صحافتی بیان میں کہا کہ ہم ترکی کے جنوبی اور وسطی حصوں میں آنے والے قیامت خیز زلزلے سے گہرے صدمے میں ہیں، جس کے نتیجے میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ، جن میں مرد، خواتین اور بچے شامل ہیں، ہلاک ہو چکے ہیں اور بے شمار لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ سیریا بھی اس زلزلہ سے متاثر ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ اس صدمے کی حالت میں ترکی کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور بڑی تعداد میں ترک شہریوں کی اموات پر سوگوار ہے اور اللہ تعالیٰ سے ان تمام لوگوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتی ہے جو شدید زخمی ہیں۔ ترکی کے عوام کو اس تباہی سے نکلنے میں کافی وقت لگ سکتا ہے۔

جماعت اسلامی ہند تلنگانہ ترکی کے عوام کی مدد کے لیے جو کچھ کر سکتی ہے وہ ضرور کرے گی۔ ترک قونصلیٹ جنرل جناب اورہان یلمان اوکان نے صدمے کی اس گھڑی میں ساتھ کھڑے ہونے اور اظہار تعزیت و ہمدردی پر وفد کا شکریہ ادا کیا۔ وفد میں سیکریٹریز حلقہ تلنگانہ جناب محمد اظہر الدین، جناب ایم این بیگ زاہد، جناب شیخ محمد عثمان و دیگر شامل تھے۔