nia raids on pfi locations across the country
قومی خبریں

بھوپال: پی ایف آئی کے تین اراکین گرفتار

ملک بھر میں گذشتہ سال پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے خلاف بڑے پیمانہ پر کارروائی کرتے ہوئے چھاپہ ماری کی گئی تھی جس کے دوران سینکڑوں کارکنوں کو گرفتار کیا گیا تھا۔ اس کارروائی کے بعد پاپولر فرنٹ آف انڈیا پر پانچ سال کے لئے پابندی عائد کردی گئی۔

بھوپال: ریاست مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال میں قومی تحقیقاتی ایجنسی اور ایس ٹی ایف کی مشترکہ کارروائی میں پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے تین ارکان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ریاست سے گرفتار ارکان کو دار الحکومت بھوپال کی ضلعی عدالت کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا ہے، جہاں سے عدالت نے تینوں ملزمان کو 8 فروری تک پولیس تحویل میں جیل بھیج دیا۔

مدھیہ پردیش میں پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے ارکان کے خلاف مسلسل دوسرے دن بھی کارروائی کی گئی۔ مدھیہ پردیش کے مختلف مقامات سے گزشتہ کل پی ایف آئی کے مزید تین ارکان کو گرفتار کیا گیا تھا۔ غلام رسول شاہ کو دھار سے گرفتار کیا گیا ہے۔ غلام رسول تنظیم کے اعلیٰ عہدیداروں سے رابطے میں تھے۔

پی ایف آئی رکن غلام رسول پر مدھیہ پردیش کا دورہ کرکے مسلم نوجوانوں کو مبینہ طور پر جہاد کے لیے اکسانے کا الزام ہے۔ غلام نبی عرف ساجد خان کو بھوپال سے گرفتار کیا گیا ہے۔ غلام نبی اندور کے رہائشی ہیں۔ غلام نبی پی ایف آئی کے ریاستی صدر عبد الکریم بیکری والے کے کافی قریب بتائے جاتے ہیں۔ غلام نبی پر اشتعال انگیز تقریر کرنے کا الزام ہے۔ اس کے علاوہ تیسرے ملزم پرویز خان کو مہاراشٹر کے اورنگ آباد سے گرفتار کیا گیا ہے۔

ایس ٹی ایف بھوپال نے پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے اراکین کو گرفتار کیا ہے، جس میں غلام رسول شاہ ولد عبدالشاہ عمر 37 سال ساکن گاؤں بنکانیر تحصیل منور ضلع دھار سے ہے اور ساجد خان عرف غلام نبی ولد غلام مصطفی خان عمر 56 سال ساکن اندور شامل ہیں۔

غلام نبی عرف ساجد خان ساکن جونا رسالہ اندور پی ایف آئی کے ایک سینئر فعال رکن ہیں۔ ملزم پرویز خان ولد مزمل خان عمر 30 سال ساکن اورنگ آباد مہاراشٹر کو اورنگ آباد جیل سے پروڈکشن وارنٹ پر لایا گیا اور مذکورہ کیس میں ملوث پائے جانے کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا۔

یہ سال 2017 میں اس وقت کے ضلع اورنگ آباد میں ناصر ندوی کے ذریعے مہاراشٹر پی ایف آئی سے منسلک تھے۔ جنہیں 2019 میں اورنگ آباد کا ضلع سکریٹری مقرر کیا گیا تھا۔ اس کے بعد پونے میں کورس کرنے کے بعد 2021 میں انہیں پورے مہاراشٹر کا انچارج بنا دیا گیا۔ تمام کو عدالت نے 8 فروری 2023 تک پولیس تحویل میں بھیج دیا ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز بہار میں بھی پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔ گذشتہ سال پی ایف آئی پر پانچ سال کے لئے پابندی عائد کردی گئی ہے۔