ریاض: مملکت سعودی عرب نے کورونا وائرس کے باعث عائد پابندیوں کو ختم ہوئے رواں سال کے حج کے لیے عازمین کی تعداد اور عمر کی حد پر سے پابندی ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
حج اور عمرہ کے وزیر توفیق الربیعہ نے پیر کے روز ریاض میں میڈیا سےبات کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال عازمین حج کی تعداد بالکل ویسے ہی رہے گی جیسے کورونا سے پہلے تھی اور اس میں عمر کی قید کو بھی ختم کردیا گیا ہے۔
جدہ میں منعقد ہونے والی حج ایکسپو 2023 سے خطاب کرتے ہوئے توفیق الربیعہ نے گزشتہ برسوں کے دوران عائد کردہ تمام پابندیوں کو ہٹانے کا بھی اعلان کیا۔ وزارت حج و عمرہ نے 5 جنوری 2023 سے مملکت کے اندر سے آنے والے عازمین کے لیے رجسٹریشن شروع کرنے کا اعلان کیا اور اس سال خواتین کے لیے محرم کی شرط بھی ختم کردی ہے۔
اس سال حج سیزن کا آغاز 26 جون سے متوقع ہے۔ 2020 کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا جب عالم اسلام کے مسلمانوں کو حج جیسے مقدس فریضہ کو بغیر کسی شرط کے ادا کرنے کی اجازت دی جائے گی۔
سنہ 2022 میں تقریباً 10 لاکھ عازمین حج کو کورونا ویکسین اور عمر کی پابندی کے ساتھ حج کرنے کی اجازت دی گئی تھی، جن میں سے 850,000 بیرون ملک سے تھے۔
سال 2021 میں صرف 60,000 لوگوں کو حج کرنے کی اجازت دی گئی تھی اور ان تمام عازمین حج مملکت کے شہری اور باشندے تھے جبکہ 2020 میں یہ تعداد چند ہزار تھی۔