پریا پٹنم۔(پریس ریلیز)۔ پیریا پٹنم کے گونی کوپا روڈ پر واقع سینٹ میری چرچ پر شرپسندوں کے حملہ کرنے کے واقعہ کے پیش نظر آج شام ریاستی صدر عبدالمجید کی قیادت میں ایس ڈی پی آئی کے ایک وفد نے اس مقام کا دورہ کیا۔
عبدالمجید نے چرچ کے فادر جان پال سے ملاقات کی اور اس واقعے کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری کے زیر انتظام اداروں نے اس ملک کے طبی اور تعلیمی شعبوں میں بہت زیادہ تعاون کیا ہے۔ یہ قابل مذمت ہے کہ ایسے برادری کے عبادت گاہ میں ایسا کام کیا گیا ہے۔
ایس ڈی پی آئی ریاستی صدر عبدالمجید نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ حکام کو چاہیے کہ وہ اس جگہ کا دورہ کریں اور حکومت کی جانب سے چرچ کے فادر کو اخلاقی تقویت دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرناٹک حکومت کو چاہئے کہ وہ محکمہ پولیس کو ہدایت دیں کہ وہ ریاست کے کسی بھی حصے میں اس طرح کی کارروائیوں کو روکنے کے لئے ضروری اقدامات کرے۔
عبدالمجید نے کہا کہ اگر ایسی حرکتیں دہرائی گئیں تو ایس ڈی پی آئی کو سڑکوں پر آکر احتجاج کرنا پڑے گا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سینٹ میری چرچ پریاپٹنم کے فادر کی اخلاقی حمایت کے ساتھ ساتھ پارٹی ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ عبدالمجید نے حکومت کرناٹک سے مطالبہ کیا کہ اس حملے کے ذمہ داروں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور قانونی کارروائی کی جائے۔
وفد میں میسور رورل ضلع صدر مجاز احمد، میسور سٹی صدر رفعت خان، میسور سٹی نائب صدر اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کے سابق رکن ایس سوامی، پیریا پٹنہ تعلقہ صدر مبیر احمد، پیریا پٹنہ تعلقہ ایس ڈی پی آئی لیڈر وینکٹیش، ضلع سکریٹری ستیش سنیناہلی، ہنسور تعلقہ صدر محمد تبریز،، تعلقہ سیکرٹری مصطفی خان، میونسپل کونسلرز سید یونس، ثمینہ عمران موجود رہے۔