حیدرآباد: یکم جنوری 2023 سے 82 ویں کل ہند صنعتی نمائش کا افتتاح عمل میں آئے گا۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی سالانہ نمائش کا افتتاح کریں گے۔
آج یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعزازی سیکریٹری نمائش سوسائٹی وی سائناتھ دیا کر شاستری نے کہا کہ1938 میں پہلی بار، چھوٹے اور بڑے صنعت کاروں کے تیار کردہ مصنوعات کو فروخت کا موقع فراہم کرنے کیلئے نمائش کا انعقاد عمل میں لایا گیا تھا۔
سائناتھ دیا کر شاستری نے کہا کہ کل ہند صنعتی نمائش سے حاصل ہونے والی آمدنی کو تلنگانہ کے پسماندہ علاقوں میں فروغ تعلیم کیلئے قائم کردہ 19 تعلیمی اداروں پر خرچ کیا جاتا ہے جہاں ہر سال30,000 سے زیادہ طلبہ تعلیم سے مستفید ہورہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر سال کئی سرکاری ادارے بشمول پولیس، فائر ڈیزاسٹر مینجمنٹ، الکٹریسٹی، جی ایچ ایم سی، آر اینڈ بی، آر ٹی سی، میٹرو کی جانب سے نمائش کے کامیاب انعقاد میں تعاون کیا جاتا ہے۔ اس سال بھی یکم جنوری تا15 فروری(45 دنوں) کے لئے کل ہند صنعتی نمائش منعقد کی جارہی ہے۔
مختلف کمپنیز، مرکزی و ریاستی حکومت کے اداروں، پبلک سیکٹر انڈر ٹیکنگس، ملٹی نیشنل کمپنیز و دیگر تاجرین کیلئے دو ہزار اسٹالس، منظور کئے گئے ہیں۔
شاستری نے بتایا کہ نمائش میدان میٹرو لائن سے مربوط ہے۔ میٹرو ریل کی جانب سے عوام کی سہولت کے خاطر اضافی سرویس چلانے کیلئے رضا مندی ظاہر کی گئی ہے۔ نمائش کے ایام کے دوارن آر ٹی سی کی خصوصی بس سرویسس چلائی جائیں گی۔
دوسری طرف نمائش سوسائٹی کی جانب سے عوام کو سیر و تفریح کا موقع فراہم کرنے کیلئے بھی نقائص سے پاک انتظامات کئے جارہے ہیں۔