مدینہ منورہ: مدینہ ریجن ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے مسجد قباء کی توسیع کے لیے شاہ سلمان پروجیکٹ کے پہلے مرحلے پر عمل درآمد کے منصوبے کا اعلان کردیا۔
نئی توسیع کے ساتھ جس میں مسجد کے اطراف کو ترقی دینا بھی شامل ہے، مسجد کے کل رقبے میں 10 گنا اضافہ ہو جائے گا جس میں 66 ہزار اہل ایمان نماز ادا کرنے کی سعادت حاصل کرسکیں گے۔ توسیعی منصوبے کے پہلے مرحلے کے لیے 200 سے زائد جائیدادیں ضبط کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
سعودی گزٹ کے مطابق اتھارٹی نے پراجیکٹ سائٹ کے اندر واقع رئیل اسٹیٹ کے مالکان پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی جائیدادیں خالی کر دیں اور معاوضے کے طریقہ کار کو حتمی شکل دینے کے لیے اتھارٹی کے محکمہ پراپرٹی سے رابطہ کریں کیوں کہ مسجد کی توسیع کے پہلے مرحلے میں 200 سے زائد رئیل اسٹیٹ املاک کو ضبط کرنا شامل ہے۔
اتھارٹی کھجور کے درختوں اور کھیتوں کو محفوظ کرنے اور ان کی تعداد بڑھانے کے لیے کام کر رہی ہے تاکہ تاریخی مقامات اور انہیں مسجد سے جوڑتے ہوئے انہیں مسجد کے احاطے کے ساتھ ضم کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ مسجد قبا اسلام کی سب سے پہلی مسجد ہے جس کو حضور نبی کریم ﷺ کی مدینہ منورہ آمد کے موقع پر تعمیر کیا گیا تھا۔