syed adil zahoor
جموں و کشمیر قابلِ فخر مسلم نوجوان

بارہمولہ کا لڑکا سول سروس امتحان میں کامیاب

شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے دور دراز علاقے سے تعلق رکھنے والے سید عادل ظہور نے یونین پبلک سروس کمیشن امتحان میں نمایاں کارکردگی حاصل کر کے انڈین اسٹیٹسٹیکل سروس امتحانات میں کامیابی حاصل کی ہے اور اس طرح وہ جموں و کشمیر کے دوسرے طالب علم بن گئے جنہوں نے اس امتحان میں کامیابی حاصل کی ہے۔

بارہمولہ: سید عادل ظہور شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے علاقے حاجی بَل کے رہنے والے ہیں اور وہ کشمیر کے دوسرے طالب علم ہیں جنہوں نے اس اعلیٰ امتحان میں کامیابی حاصل کی ہے جس کے نتیجہ کا یو پی ایس سی نے گذشتہ روز اعلان کیا ہے۔

ظہور اس وقت بلاک ڈیولپمنٹ دفتر قاضی آباد میں اکاؤنٹ اسسٹنٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ دراصل حاجی بل بارہمولہ کا ایک دور دراز علاقہ ہے اور وہاں جانے کے لیے کافی پیدل چلنا پڑتا ہے اور اس کے باوجود ظہور نے کافی جدوجہد کی اور اس امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کی۔

ظہور احمد نے بوائز ہائر سیکنڈری اسکول سے بارہمولہ سے تعلیم حاصل کی بعد ازاں آرٹس کی بیچلرس ڈگری حاصل کی اور اس کے بعد کشمیر یونیورسٹی میں ماسٹرس ڈگری حاصل کی اور اس کے ساتھ ساتھ جونیئر ریسرچ فیلو شپ امتحان میں بھی کامیابی حاصل کی ہے۔

انہوں نے جموں و کشمیر سروس سیلکشن بورڈ 2021 میں اکاؤنٹ اسسٹنٹ کا امتحان کامیاب کیا اور اس دوران ان کو شوق پیدا ہوا کہ وہ سول سروس کے اعلیٰ امتحان میں شرکت کر کے کچھ بڑا حاصل کرنا چاہتے ہیں اور اس کے لیے انہوں نے کافی جدوجہد کی اور آج انڈین اسٹیٹسٹیکل کے امتحان میں کامیابی حاصل کی ہے۔

واضح رہے کہ یہ امتحان یو پی ایس سی کی جانب سے 24 جون 2022 میں منعقد کیا گیا تھا جس کا انٹرویو 19 دسمبر 2022 کو لیا گیا۔ اس پوسٹ کے لیے کل چوبیس سیٹیں تھیں اور اس امتحان کو انڈین اکنامکس سروس کہا جاتا ہے اور اس سے پہلے جنہوں نے یہ امتحان کامیاب کیا ہے ان کا نام حاجی الطاف ہے اور وہ فی الحال ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل کے عہدے پر فائز ہیں۔