مشہور و معروف پاکستانی عالم دین مولانا طارق جمیل کو کینیڈا میں دل کا دورہ پڑا ہے۔ طارق جمیل کے بیٹے یوسف جمیل نے والد کو کینیڈا میں دل کا دورہ پڑنے کی تصدیق کی اور ٹویٹ میں کہا کہ والد اس وقت کینیڈا میں ہیں اور ان کو دل کا دورہ پڑا جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کے بیٹے یوسف جمیل نے والد کی کینیڈا میں طبیعت کے حوالے سے ویڈیو بیان جاری کیا ہے۔ مولانا طارق جمیل ان دنوں کینیڈا میں ہیں۔
والد کی طبیعت کے حوالے سے ویڈیو بیان میں یوسف جمیل نے بتایا کہ پریشانی والی خبر تھی لیکن اب نہیں ہے، والد کینیڈا میں موجود ہیں اور وہ فی الحال اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ دوپہر ایک بجے اور کینیڈا کے وقت کے مطابق رات کے 3 بجے دل میں تکلیف ہوئی اور سینے میں درد کی شکایت ہوئی جس کے فوری بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پورا علاج بخیر و عافیت مکمل ہوگیا اور اس وقت وہ ٹھیک ہیں اور اسپتال میں ہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گھر سے دور ہونا پریشانی کا باعث ہے، والد کیلئے دعاؤں کی درخواست ہے۔