جموں و کشمیر کے پہاڑی ضلع کشتواڑ سے تعلق رکھنے والی آبرو فاطمہ قاضی نے قابل فخر کارنامہ انجام دیتے ہوئے ایک ہی سال میں نیٹ اور سیٹ دو علیحدہ علیحدہ مسابقتی امتحانات میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔
قصبہ کشتواڑ کی رہنے والی آبرو اس وقت کشمیر یونورسٹی سے لائف سائنس میں پی ایچ ڈی میں زیر تعلیم ہے۔ آبرو نے سال کے اوائل میں جے آر ایف، نیٹ امتحانات میں کامیابی حاصل کی اور اب جے کے سیٹ امتحان میں بھی کامیاب ہو کر وہ لائف سائنس میں دونوں امتحانات کامیاب کرنے والی پہلی لڑکی بن گئی ہے۔
سیاسی سماجی تنظیموں کی جانب سے آبرو فاطمہ اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ آبرو کو نوجوانوں خاص کر طالبات کے لیے آئیڈیل قرار دیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ جے آر ایف، نیٹ، امتحانات نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (NTA) کی جانب سے منعقد کیے جاتے ہیں جب کہ جے کے سیٹ امتحانات پی ایس سی کے زیر اہتمام منعقد کیا جاتا ہے۔ امسال کشتواڑ ضلع سے کئی نوجوانوں نے سیٹ کا امتحان کامیاب کیا ہے۔ بیشتر کا تعلق دور افتادہ علاقہ جات سے ہے۔