crime
قومی خبریں

گجرات: اسلام کے خلاف توہین آمیز ریمارکس پر مقدمہ درج

احمد آباد: جنوبی گجرات کے نوساری ٹاؤن پولیس نے ایک ‘سادھو’ اور مقامی نیوز چینل کے صحافی کے خلاف "جان بوجھ کر” مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے الزام میں مقدمہ درج کیا ہے۔

سیاست ڈاٹ کام کی خبر کے مطابق شکایت کنندہ ساجد عالم نے الزام لگایا ہے کہ سادھو کے بیان سے مختلف برادریوں میں دشمنی پیدا ہوسکتی ہے۔ ساجد عالم نے اپنی شکایت میں کہا کہ “سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کلپ وائرل ہورہی ہے، جس میں سادھو پنڈرک مہاراج اسلام اور مسلمانوں کے خلاف توہین آمیز تبصرے کر رہے ہیں… اپنے بیان میں سادھو نے پیغمبر اسلامﷺ کے خلاف توہین آمیز تبصرہ اور دو برادریوں کے درمیان دشمنی پیدا کرنے کی کوشش کی، سادھو کے بیان سے نوساری قصبے کے مسلمانوں کو تکلیف پہنچی ہے‘‘۔

شکایت کنندہ نے کہا کہ سادھو نے ایک مقامی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے یہ متنازعہ بیان دیا ہے، جسے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیا گیا ہے اور یہ وائرل ہورہا ہے۔

ساجد عالم نے مزید کہا کہ مسلم کمیونٹی کا شاہ رخ خان کی فلم پٹھان سے کوئی تعلق نہیں ہے، "ہم نہ تو فلم کی حمایت کر رہے ہیں اور نہ ہی اداکار کے لیے کوئی ہمدردی ظاہر کررہے ہیں، پھر بھی کمیونٹی کو سادھو کے ذریعے نشانہ بنایا جا رہا ہے”۔

واضح رہے کہ شاہ رخ خان کی فلم پتھان کے ایک گانے بے شرم رنگ پر ان دنوں تنازع چل رہا ہے، کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ گانے میں اداکارہ نے بھگوا رنگ کی بکنی پہن کر ہندووں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔