kavitha
تلنگانہ

چوکیدار حکومت سورہی ہے اور کارپوریٹ ملک کو لوٹ رہے ہیں: کویتا ریڈی

حیدرآباد: بی آر ایس پارٹی کی رہنما و ایم ایل سی کے کویتا ریڈی نے کہا کہ بی آر ایس پارٹی کی جانب سے مرکزی حکومت کی مخالف عوام اور مخالف تلنگانہ سازشوں کے خلاف جمعہ 23 دسمبر کو ریاست بھر میں دھرنا پروگرام منعقد کیا جائے گا جس میں ریاست بھر کے کسان بھی شامل ہوں گے۔

انھوں نے مرکزی حکومت پر الزام لگایا ہے کہ وہ کسانوں کی جانب سے طمانیت روزگار اسکیم کے حصہ کے طور پر بنائے گئے فصلوں کو خشک کرنے والے شیڈس کے خلاف سازش کر رہی ہے۔ انہوں نے پارٹی لیڈروں کو ہدایت دی کہ وہ کل اضلاع کے تمام علاقوں میں دھرنا دیں کیونکہ مرکزی حکومت کسانوں کے مفادات کے خلاف کام کر رہی ہے اور ریاست کے خلاف جھوٹا پروپگنڈہ پھیلا رہی ہے۔

کویتا نے مزید کہا کہ چوکیدار حکومت اس وقت سو رہی ہے جب کارپوریٹ ہمارے ملک کو لوٹ رہے ہیں، کسانوں اور غریبوں کو بااختیار بنانے کے طریقے تلاش کرنے کے بجائے پارٹی کی اولین ترجیح کارپوریٹ قرضوں کو معاف کرنا ہے۔ 19 لاکھ کروڑ جو ہمارے سالانہ بجٹ کے برابر ہے کارپوریٹ کا قرض معاف کردیا گیا ہے جبکہ ملک کا عام شہری مہنگائی کے باعث پریشان ہے اور کسان معمولی قرض کی وجہ سے خود کشی کرنے پر مجبور ہے۔

وہیں دوسری جانب بی آر ایس پارٹی کے کارگزار صدر اور وزیر بلدی نظم و نسق تارک راما راو نے بھی عوام بالخصوص کسانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مرکزی حکومت کی مخالف عوام اور مخالف تلنگانہ سازشوں کے خلاف جمعہ 23 دسمبر کو ریاست بھر میں دھرنا پروگرام منعقد کریں۔