آر جے ڈی لیڈر عبد الباری صدیقی
حالات حاضرہ

ہندوستان اب مسلمانوں کے لئے غیر محفوظ: آر جے ڈی لیڈر عبد الباری صدیقی

بہار کے سابق وزیر مالیات و آر جے ڈی کے سینیئر رہنما عبدالباری صدیقی نے کہاکہ ہمارے ملک میں نفرت اور تشدد سے ماحول ایسا خراب ہو گیا ہے جہاں صرف ذات پات اور ہندو مسلمان کی باتیں کی جا رہی ہیں۔ اس لیے انہوں نے اپنے بیٹے کو امریکہ اور بیٹی کو لندن میں رہ جانے کو کہا ہے۔

آر جے ڈی کے سرکردہ سینئر رہنما عبدالباری صدیقی نے پٹنہ میں منعقد ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہمارا ملک اب رہنے کے لائق نہیں رہا۔ جس ملک کو پوری دنیا میں امن و امان اور بھائی چارہ کا علمبردار سمجھا جاتا تھا اب اس کی وہ پہچان ختم ہو رہی ہے۔ دن بہ دن فرقہ وارانہ کشیدگی کا خطرناک و خوفناک ماحول تیزی سے پھیل رہا ہے۔ اب یہاں امن پسند لوگوں کے لیے جینا محال ہو گیا ہے۔

عبدالباری صدیقی نے کہاکہ جو بھی لیڈر آئینی عہدہ پر آتا ہے تو وہ عوام کی خدمت کرنے اور سماج میں امن و امان کا ماحول بنائے رکھنے کا حلف لیتا ہے مگر اس کے بعد وہ بھول جاتا ہے۔ ہمارے معاشرے کو سب سے زیادہ نقصان ان سے ہے۔ آج ملک کو ایک ایجنڈا کے تحت چلایا جا رہا ہے، جب کہ اس ملک کی انفرادیت کثرت میں وحدت ہے۔ بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر نے اس ملک کا آئین اس طرح مرتب کیا ہے جس پر چل کر ہی ہمارے ملک کی سلامتی و سالمیت باقی رہے گی۔’

عبدالباری صدیقی نے کہاکہ ہمارے ملک میں نفرت اور تشدد کا ایسا خراب ماحول قائم ہو گیا ہے یہاں اب صرف ذات پات اور ہندو مسلمان کی باتیں کی جا رہی ہیں۔ اس سے ملک کا آئینی و جمہوری نظام تباہ ہو جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ اس لیے میں نے اپنے بچوں سے ‘بیٹا جو امریکہ میں رہتا ہے اور بیٹی جو لندن میں رہتی’ کہا ہے کہ وہ وہیں رہے، میں نے یہ بھی کہا ہے کہ اگر وہاں کی شہریت مل جائے تو وہیں رہ جائے، بھارت نہ آئے، کیونکہ یہاں اب امن پسند لوگوں کا جینا محال ہو گیا ہے۔