شاہ رخ خان کا علامتی پتلہ نذر آتش
تلنگانہ

حیدرآباد میں شاہ رخ خان کا علامتی پتلہ نذر آتش

حیدرآباد بی جے پی کی نوجوان تنظیم بی جے وائی ایم کی جانب سے حیدرآباد میں پٹھان فلم کے متنازعہ گیت پر شاہ رخ خان کا علامتی پتلہ نذر آتش کیا گیا۔

حیدرآباد بی جے وائی ایم کے صدر نتن نڈکر کی قیادت میں چند کارکنوں نے آج شہر کے معظم جاہی چوراہے پر پٹھان فلم کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے شاہ رخ خان کا پتلہ نذر آتش کیا اور شاہ رخ خان کو انتباہ دیا گیا کہ وہ ہندووں کی توہین کرنا بند کردے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں شاہ رخ خان کی فلم پٹھان کے ایک گانے ‘بے شرم رنگ’ میں دپیکا پڈوکون کے بگھوا رنگ میں بکنی پہن کر ڈانس پر کرنے پر تنازع کھڑا کیا جارہا ہے حالانکہ اس گانے میں سات رنگ کے کپڑوں کا استعمال ہوا ہے۔ اس پر مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ نروتم مشرا نے بھی بیان دیتے ہوئے کہا کہ اس گانے میں تبدیلی کی جائے ورنہ فلم کو مدھیہ پردیش میں ریلیز پر غور کیا جائے گا۔

اس تنازع کے بعد سوشل میڈیا پر بی جے پی رہنما منوج تیواری اور دیگر کئی اداکاراؤں کے بھگوا پہن کر ڈانس کرنے کی ویڈیوز وائرل ہورہی ہے۔ جن میں اکشے کمار، موجودہ مرکزی وزیر سمرتی ایرانی اور کنگنا رناوت کے ویڈیوز بھی شامل ہیں۔