Unique protest in Hyderabad metro train
تلنگانہ

حیدرآباد میٹرو ٹرین میں بے روزگاری کے خلاف انوکھا احتجاج

حیدرآباد: حیدرآباد کی میٹرو ٹرین میں بی جے پی کارکنان نے بے روزگاری کے خلاف ایک انوکھا احتجاج کیا۔ انہوں نے میٹرو ٹرین کے اندر اپنے ہاتھوں میں برتن لیکر لوگوں سے بھیک مانگ کر بے روزگاری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔

بی جے پی میڈچل ضلع سکریٹری اے وجیتھ ورما کی قیادت میں بی جے پی کارکنان گریجویٹس کے لباس کو پہن کر میٹرو ٹرین میں بھیک مانگنے والے پیالے لیکر مسافروں کے پاس پہنچے۔ اس موقع پر انہوں نے خود کو’گریجویٹ بھکاری’ کہا۔

اس دوران وہ ریاست میں بے روزگاری کو اجاگر کرنے والے پلے کارڈز بھی اٹھائے ہوئے تھے۔ انہوں نے کے سی آر حکومت کو تمام تعلیم یافتہ بے روزگاروں کو بے روزگاری الاؤنس دینے کے وعدے کو پورا کرنے میں ناکامی کی بھی یاد دلائی۔

بی جے پی کارکنان نے کہا کہ انہوں نے مسافروں کو بے روزگاروں کو درپیش مسائل کی وضاحت کی اور بتایا کہ کس طرح کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت والی بی آر ایس حکومت نے تعلیم یافتہ بے روزگاروں کو بھیک مانگنے پر مجبور کیا۔

وہیں دوسری جانب کانگریس پارٹی نے بی جے پی کے احتجاج کا مذاق اڑایا اور پارٹی کو ہر سال دو کروڑ نوکریاں فراہم کرنے کا وعدہ یاد دلایا اور کہا کہ مرکز میں بی جے پی حکومت خود تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے میں پوری طرح ناکام ہوچکی ہے۔

وہیں کانگریس پارٹی نے کہا کہ بی جے پی رہنما بے شرمی سے گریجویٹ لباس پہن کر اور بھیک مانگ کر لوگوں کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ پارٹی نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام بی جے پی اور بی آر ایس کی دھوکہ دہی کی چالوں کو سمجھتے ہیں اور انہیں مناسب سبق سکھائیں گے۔