دوحہ : قطر کی میزبانی میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2022 میں مراقش فٹبال ٹیم شاندار کارکردگی کی وجہ سے سرخیوں میں ہے۔
اسی درمیان دو مراقشی کھلاڑیوں کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے۔ وائرل ویڈیو میں دونوں کھلاڑی اسلام کی دعوت دیتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
دراصل مراقش کے دو کھلاڑی زکریا ابوخل اور عبدالحمید صابری راؤنڈ آف 16 میں اسپین کے خلاف فتح کے بعد ہوٹل واپس آتے ہوئے انسٹاگرام لائیو میں اللہ کا شکریہ ادا کرتے اور لوگوں کو اسلام کی دعوت دیتے ہوئے دکھائے دیے۔
ویڈیو میں کھلاڑیوں کو یہ کہتے ہوئے سنا گیا کہ ’’ہمارے ساتھ شامل ہو جاؤ، اسلام میں داخل ہوجاؤ، آؤ، خیر کی طرف آؤ، امن کی طرف آؤ‘‘۔
دونوں نے انسٹاگرام پر اپنی تصاویر بھی پوسٹ کیں جس میں انہوں نے شہادت کی انگلیاں اٹھائیں جو کہ اسلام میں وحدانیت کی علامت ہے۔ ابوخل اور صابری نے آن لائن پوسٹ کی گئی تصاویر کے کیپشن میں اللہ اکبر لکھا۔
واضح رہے کہ قطر فیفا ورلڈ کپ کے دوران مراقشی کھلاڑیوں کے مختلف ویڈیوز وائرل ہوئے جن میں وہ کبھی کامیابی پر سجدہ کرتے ہوئے نظر آئے تو کبھی کوئی کھلاڑی کامیابی پر اپنی والدہ بوسہ دیتے ہوئے نظر آئے۔