قطر میں جاری فیفا ورلڈکپ کے دوسرے سیمی فائنل میں فرانس نے مراکش کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔
دوسرے سیمی فائنل میں فرانس کے ہاتھوں شکست کے باوجود پورے ٹورنامنٹ میں بہترین کھیل سے سب کو اپنا مداح بنانے والے مراکشی ٹیم کے کھلاڑیوں نے اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے میدان میں سجدے کیے۔
مراکشی کھلاڑیوں نے ہر میچ میں کامیابی کے بعد میدان میں ہی سجدہ کرتے ہوئے اللہ تعالی کا شکر ادا کیا، تاہم آج شکست کے باوجود بھی انہوں نے اپنی اس روایت برقرار رکھا اور تمام کھلاڑیوں نے سجدۂ شکر بجا لایا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ سیمی فائنل میں شکست کے بعد مراکشی کھلاڑیوں نے اپنے فینز کا شکریہ ادا کیا اور پھر تمام کھلاڑیوں نے سجدہ کیا۔
خیال رہے کہ فرانس نے سیمی فائنل میں مراکش کو دو صفر سے شکست دی، فرانس کی جانب سے پہلا گول تھیو ہرنانڈس نے میچ کے پانچویں منٹ میں کیا ، دوسرا گول رینڈل کولوموآنی نے 79 ویں منٹ میں کیا۔
مراکش نے آخری چند منٹوں میں تابڑ توڑ حملے کیے مگر ناکام رہے اور میچ دو صفر سے فرانس کی جیت پر ختم ہوا۔
واضح رہے کہ مراکش کی ٹیم فیفا ورلڈکپ کی تاریخ میں سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی عرب اور پہلی افریقی ٹیم تھی۔
مراکش فیفا ورلڈکپ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے والا دوسرا مسلم ملک تھا، اس سے قبل 2002 کے ورلڈکپ میں ترکی سیمی فائنل میں پہنچا تھا۔