کانگریس اپوزیشن پارٹی بننے کیلئے نااہل ہے۔ ایس ڈی پی آئی
قومی خبریں

کانگریس اپوزیشن پارٹی بننے کیلئے نااہل ہے۔ ایس ڈی پی آئی

سنگانیر /جئے پور۔ (پریس ریلیز)۔ سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (SDPI) نے کانگریس کے زیر اقتدر راجستھان کی راجدھانی جئے پور سے تقریبا 14کلو میٹر دور سنگانیر میں منعقد ایک جلسہ عام میں کانگریس کے سینئر لیڈران اور سابق آئی این سی صدر راہول گاندھی کی قیادت والی بھارت جوڑو یاترا کے غیر منطقی روٹ میپ پر سخت تنقید کیا اور کانگریس پر اس کے ناکام روڈ شو کیلئے سخت حملہ کیا۔

جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ایس ڈی پی آئی کے قومی صدر ایم کے فیضی نے انتخابی مہم کے دوران گجرات یاترا نہ لے جانے کے راہول گاندھی کے ارادوں پر سوال اٹھا تے ہوئے کہا کہ مسٹر گاندھی کے گجرات دورے سے انتخابات کے نتائج پر اثر پڑتا تھا، لیکن انہوں نے وہاں یاترا کرنے سے گریز کیا جس سے واضح طور پر ثابت ہوتا ہے کہ فسطائی بی جے پی کے خلاف ان کی لڑائی کے دعوے کھوکھلے ہیں۔

ایم کے فیضی نے کہا کہ درحقیقت نام نہاد سیکولر کانگریس کا محض اقتدار پر قبضہ کرنے کا ایجنڈا ہے اور اسے ملک کو درپیش حقیقی مسائل اور بحرانوں کی بالکل بھی پرواہ نہیں ہے۔

ایم کے فیضی نے کہا کہ پارلیمنٹ اور خود وزیر اعظم کے علاوہ بیچنے کیلئے کچھ نہیں بچا ہے، کیونکہ زیادہ تر قومی اثاثے،جیسا کے ہم سب جانتے ہیں پہلے ہی دوست کارپوریٹ ہاوسز کو فروخت کردیا گیا ہے۔

ایس ڈی پی آئی، راجستھان کے ریاستی صدر محمد رضوان خان نے اپنی تقریر میں کانگریس پارلیمانی اراکین کے روڈ شو کے مقصد پر مزید سوال اٹھایا، کیونکہ مسٹر گاندھی نے اپنی یاترا اپنے آبائی حلقے سے شروع کی جہاں بی جے پی کا کوئی منتخب رکن اسمبلی نہیں ہے۔ وہ بی جے پی حکومت والی ریاستوں میں جانے سے گریز کرتے ہیں کیونکہ وہ ان کے آئی ٹی سیل سے ڈرتے ہیں۔

قبل ازیں ایس ڈی پی آئی قومی نائب صدر محمد شفیع نے کانگریس کو بی جے پی سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی جو کچھ دوسری ریاستوں میں کرتی ہے، کانگریس وہی اپنی حکمرانی والی ریاستوں میں کرتی ہے۔ انہوں نے متعدد مثالوں کا حوالہ دیا جہاں اقلیتوں اور پسماندہ لوگوں کے ساتھ مظالم اور ناروا سلوک کیلئے کانگریس ایم ایل اے کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

ایس ڈی پی آئی کے ایک اور قومی نائب صدر بی ایم کامبلے نے کہاکہ اگر چہ آرٹیکل 19کے تحت لوگوں کو وزیر اعظم پر تنقید کرنے کا حق ہے لیکن حالات اتنے خوفناک ہیں کہ عدالتیں بھی وزیر اعظم کے خلاف بات نہیں کرسکتیں۔ پھر عام لوگ حکومت کے خلا ف کیسے بول سکتے ہیں؟۔

ویمن انڈیا موؤمنٹ کی سینئر عہدیدار یاسمین فاروقی، افشاں عزیز، مہرالنساء خان اور دیگر نے بھی جلسہ سے خطاب کیا۔ جاٹ مہا سبھا کے سابق سینئر لیڈر رام گوپال سمن اور معروف کماوت لیڈر اوم پرکاش کماوت نے ایس ڈی پی آئی میں شمولیت اختیار کی اور ان کا بالترتیب ایم کے فیضی اور محمد شفیع نے پھولوں کے ہار کے ساتھ استقبال کیا۔