Arbeen Tahir Writes Quran With Hands
جموں و کشمیر قابلِ فخر مسلم نوجوان

قرآن مجید کا نسخہ ہاتھ سے لکھنے کی سعادت

جموں و کشمیر کی بارہویں جماعت کی طالبہ نے ایک ایسا کارنامہ انجام دیا ہے جس سے نہ صرف اس کا بلکہ اس کے والدین کا بھی سر فخر سے اونچا ہوگیا اور اس کا یہ کارنامہ اسلامی تربیت کو بھی اجاگر کرتا ہے۔

بانڈی پورہ: شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع کے سید محلہ حاجن گاؤں کی رہنے والی اربین طاہر نے چھ ماہ میں نو سو صفحات پر مشتمل ہاتھ سے قرآن پاک کا نسخہ تحریر کیا ہے۔ اربین طاہر گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول حاجن بانڈی پورہ میں 12ویں جماعت میں زیر تعلیم ہیں۔

اربین نے کہا کہ الحمدللہ مجھ کو صرف چھ ماہ میں اپنے ہاتھ سے مقدس قرآن مجید تحریر کرنے کا شرف حاصل ہوا ہے۔ قرآن شریف ہاتھ سے لکھنا میرے بچپن کا خواب تھا، جس سے میں نے بڑی محنت اور بڑی لگن سے مکمل کیا ہے۔

اربین نے کہا کہ ابتدائی طور پر میں نے خطاطی کا کام صرف اپنی ہینڈ رائٹنگ کو بہتر بنانے کے لیے شروع کیا۔میں نے قرآن کے ایک باب سے آغاز کیا اور ایسا کرکے کافی خوشی محسوس ہوئی جس کے بعد میں نے پورے قرآن کی خطاطی مکمل کرنے کا فیصلہ کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس نے جو پہلا پروجیکٹ شروع کیا وہ بغیر کسی پروفیشنل ٹرینر کی رہنمائی کے چھ ماہ میں مکمل ہوا۔ ان کے ہاتھ سے لکھا ہوا یہ قرآن نو سو صفحات پر مشتمل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرے والدین اور میرے گھر کے سبھی افراد نے اس طریقہ کار میں دل سے میرا تعاون کیا ہے۔ میں اپنے کزن ڈاکٹر سیرت وانی کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گی، جو میری تحریک ہے اور انہوں نے میری مدد اور اخلاقی طور میری رہنمائی کی۔

اربین نے کہا کہ میرا پیغام تمام طلباء و طالبات کے لیے جو جدوجہد کر رہے ہیں اور خاص طور پر نوجوانوں کے لیے، زندگی میں آپ بہت سے اتار چڑھاؤ سے گزریں گے اور اپنی صلاحیتوں پر بھروسہ رکھنے کے ساتھ ساتھ کامیابی کے راستے پر اپنے امکانات اور کامیابی کے عزم کو بہتر بنائیں گے۔