مسلم دنیا

مراکشی کھلاڑیوں نے کامیابی کے بعد فلسطینی پرچم لہرایا

قطر میں جاری فٹبال ورلڈ کپ مقابلوں میں مراکش کی قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے کینیڈا کو شکست دینے پر فلسطینی پرچم لہرا کر خوشی کا اظہار کیا۔ میچ ہونے کے بعد مراکش کے فٹ بال کھلاڑی جواد الیامیق نے فلسطینی پرچم تھام کر کیمروں کے سامنے لہرایا۔

گروپ ایف کا دوسرا اہم میچ مراکش اور کینیڈا کے درمیان الثمامہ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں کوارٹر فائنل مقابلے میں مراکش نے کامیابی حاصل کی۔ اس سے پہلے مراکش نے بیلجیئم کو شکست دینے کے بعد منفرد انداز میں جشن منایا تھا۔ میچ ختم ہوتے ہی مراکشی کھلاڑیوں نے گراؤنڈ میں سجدہ شکر ادا کیا تھا۔

مراکش نے نہ صرف ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی بلکہ گروپ میں سرفہرست ٹیم ہونے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا جہاں اس کے سب سے زیادہ 7 پوائنٹس ہیں۔ سنہ 1986 کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب مراکش نے فیفا ورلڈ کپ میں اس حد تک رسائی حاصل کی ہے۔

قطر میں جاری فٹبال ورلڈ کپ میں متعدد مواقع پر مختلف مقامات پر مسلمانوں نے فلسطینی عوام کی حمایت کے لیے اس ملک کا پرچم لہرایا اور صیہونی حکومت کے خلاف کھل کر اپنی نفرت کا اظہار کیا۔ ورلڈ کپ کے دوران اسرائیلی صحافیوں کا بھی بائیکاٹ کیا گیا اور انہیں انٹرویو دینے یا ان سے بات کرنے سے صاف انکار کردیا گیا۔