ریاست اترپردیش میں عوامی مقامات پر نماز پڑھنے پر بھی اب فرقہ پرست عناصر کو تکلیف ہونے لگی ہے اور پوری ریاست میں کسی بھی مسلم شخص کے نماز پڑھنے پر ہنگامہ کھڑا کیا جاتا ہے۔ اس سے پہلے لکھنو کے لولو مال کا واقعہ کئی دنوں تک سرخیوں میں رہا۔
گورکھپور: ریاست اترپردیش کے گورکھپور ریلوے اسٹیشن پر ایک شخص کے نماز ادا کرنے کا ویڈیو وائرل ہورہا ہے، جس میں نظر آرہا ہے کہ مذکورہ شخص پلیٹ فارم نمبر ایک کے گوشہ میں خاموشی کے ساتھ نماز ادا کر رہا ہے اور آس پاس کے لوگ وہاں آرام کررہے ہیں جن کو اس شخص کے نماز ادا کرنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے اور نہ ہی انہیں اس کے نماز ادا کرنے سے کوئی تکلیف پہنچ رہی ہے، لیکن کسی نے نماز پڑھتے ہوئے شخص کا ویڈیو بنایا اور اسے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردیا۔
اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد چند ہندو شدت پسندوں نے نماز پڑھنے کے خلاف احتجاج کیا اور معاملہ کو سی پی آر او کے حوالے کرتے ہوئے مذکورہ شخص کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
وہیں شمالی ریلوے کے سی پی آر او پنکج کمار سنگھ نے بتایا کہ کیس کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے۔ ریلوے اسٹیشن پر نصب سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے نماز پڑھنے والے کا پتہ لگایا جائے گا۔
نماز کے بعد پلیٹ فارم پر نماز پڑھنے سے متعلق سوال کرنے پر نماز پڑھنے والے شخص نے کہا کہ اسے ٹرین پکڑنی ہے۔ آس پاس کوئی مسجد نظر نہیں آئی اور ایسی کوئی جگہ نظر نہیں آئی جہاں نماز ادا کی جاسکے۔ اس لیے اس نے یہاں نماز ادا کی۔
بتایا جاتا ہے کہ یہ ویڈیو ہفتہ کی دوپہر کا ہے، جب مسافر پلیٹ فارم کے ایک گوشہ میں خاموشی کے ساتھ نماز ادا کر رہا ہے۔ نماز پڑھنے والے مسافر نے بتایا کہ قریب میں مسجد نہ ہونے کی وجہ سے اس نے یہاں نماز پڑھی۔ وہیں آر پی ایف اس وائرل ویڈیو کی جانچ کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ ریاست اترپردیش میں عوامی مقامات پر نماز پڑھنے پر بھی اب فرقہ پرست عناصر کو تکلیف ہونے لگی ہے اور پوری ریاست میں کسی بھی مسلم شخص کے نماز پڑھنے پر ہنگامہ کھڑا کیا جاتا ہے۔ اس سے پہلے لکھنو کے لولو مال کا واقعہ کئی دنوں تک سرخیوں میں رہا۔