دوحہ: بیلجیئم کے خلاف شاندار فتح کے بعد مراکشی کھلاڑیوں نے شکرانہ کے طور پر گراؤنڈ میں ہی سجدہ کیا۔ اطلاعات کے مطابق قطر میں جاری فیفا ورلڈکپ میں گروپ ایف کے میچ میں مراکش نے بیلجیئم کو شکست دے کر ٹورنامنٹ میں ایک اور اپ سیٹ کر دیا۔
فیفا کی عالمی رینکنگ میں 22 ویں نمبر پر موجود مراکش نے عالمی نمبر 2 بیلجیئم کو ورلڈکپ میں 2 صفر سے شکست دی۔ بیلجیئم کے خلاف تاریخی کامیابی کے بعد مراکش ٹیم کے کھلاڑیوں نے گراؤنڈ میں ہی سجدے میں گرکر خدا کا شکر ادا کیا۔
سوشل میڈیا پر بھی سعودی فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں کے فتح کے بعد سجدے کرنے کی تصاویر وائرل ہورہی ہیں۔
دوسری طرف بیلجیئم کے خلاف تاریخی کامیابی پر مراکشی کھلاڑی نے اسٹیڈیم میں موجود ماں کا ماتھا چوم لیا، عالمی نمبر دو بیلجیئم کو شکست دینے پر مراکش کے کھلاڑی گراؤنڈ میں سجدہ ریز ہوگئے تاہم مراکش کے ڈیفنڈر اشرف حکیمی نے منفرد انداز میں جشن منایا۔
اشرف حکیمی شائقین کے اسٹینڈ میں موجود والدہ کے پاس گئے، اپنی شرٹ اتار کر انہیں دی اور گلے لگاکر ماتھا چوم لیا۔والدہ نے بیٹے کا بوسہ لیا اور شاباش دی۔