مدینہ منورہ: مسجد نبویﷺ کے صحن میں ایک خوش قسمت بچے کی پیدائش ہو گئی۔ سعودی ہلال احمر اتھارٹی کی شاخ کے ڈائریکٹر جنرل احمد بن علی الزہرانی کے مطابق رضاکار ٹیموں اور حرم ایمبولینس سنٹر نے ماں کی نازک حالت کے پیش نظر مسجد کے صحن میں ہی بچے کی پیدائش کا عمل شروع کردیا تھا۔
طبی ٹیموں کے پہنچنے پر معلوم ہوا تھا کہ مسجد نبویﷺ کے صحن میں جنین کے سکڑنے کا معاملہ ہے۔ معائنہ کرنے پر معلوم ہوا کہ جنین کا سر باہر نکل آیا ہے اور ولادت کا عمل شروع ہو چکا تھا۔ فوری طور پر ٹیموں نے مداخلت کی اور زچگی کا عمل شروع کیا۔
موقع پر موجود ایک ہیلتھ پریکٹیشنر کا تعاون حاصل کیا گیا اور بچے کی پیدائش کامیابی سے مکمل ہو گئی۔ الزہرانی نے مزید کہا کہ ماں اور نومولود کے چیک اپ کے بعد دونوں کو باب جبریل ہیلتھ سنٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا یہ معاملہ ان کیسز میں شامل تھا جن میں انتہائی طبی کوششوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ ایسے کیسز کو کامیابی سے نمٹانے کیلئے خصوصی میڈیکل مہارت درکار ہوتی ہے۔ تربیتی کورسز میں اس طرح کے کیسز میں تمام ہنگامی اور خصوصی تربیتی طریقے بھی سکھائے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں فوری طور پر ایمبولینس بلانے کی کال کی اہمیت مزید واضح ہوجاتی ہے۔ ایمرجنسی کی صورت میں 997 پر کال کرلی جائے، ’’ہیلپ می‘‘ ایپ ایمبولنس بلالی جائے یا "توکلنا” ایپ سے فون کردیا جائے تو بہت سے وقت اور محنت کی بچت ہوسکتی ہے۔