firing
قومی خبریں

راجستھان میں دو مسلم نوجوانوں پر فائرنگ، ایک ہلاک 

بھیلواڑہ: ریاست راجستھان کے بھیلواڑہ کے بدھلہ چوراہے پر شرپسند عناصر نے بائک سوار دو مسلم نوجوانوں پر فائرنگ کی جس کے باعث ایک نوجوان ہلاک ہوگیا، جب کہ دوسرا ہسپتال میں اپنی زندگی کی جنگ لڑ رہا ہے۔

پولیس کے مطابق دونوں مسلم نوجوان بھائی موٹر سائیکل سے ہرنی مہادیو علاقہ کی طرف جارہے تھے۔ جہاں 4 فرقہ پرست عناصر نے ابراہیم پٹھان اور قمرالدین ٹونی کو گھیر لیا اور ان پر فائرنگ کر دی جس میں ابراہیم موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ اس کا بھائی ٹونی شدید زخمی ہوا ہے۔

اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی، زخمی ٹونی کو ہسپتال پہنچایا اور 48 گھنٹے کے لیے انٹرنیٹ خدمات معطل کرنے کا اعلان کیا گیا۔ اس معاملے میں چاروں شرپسندوں کا تعلق ہندتوا تنظیموں سے بتایا جا رہا ہے۔

اس واقعہ کو بھیلواڑہ کے آدرش تاپاڈیا قتل کیس کا بدلہ قرار دیا جا رہا ہے۔ پولیس نے بھی اسے انتقامی قتل قرار دیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پولیس انتہائی احتیاط برت رہی ہے تاکہ شہر میں سماجی ہم آہنگی خراب نہ ہو۔

بھیلواڑہ شہر میں امن وامان کی برقراری کے لئے پولیس نے بھی سخت سکیورٹی تعینات کر دی ہے اور عام لوگوں سے امن کی اپیل کی جا رہی ہے۔ اس وقت 24 گھنٹے گزرنے کے باوجود قاتل پولیس کی گرفت سے باہر ہیں۔ تاہم پولیس نے کچھ مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

بھلواڑہ میں دو نوجوانوں پر فائرنگ کے سلسلے میں پولیس نے بڑا انکشاف کیا ہے۔ آئی جی روپیندر سنگھ نے اسے انتقامی قتل قرار دیا ہے۔ یہ تار آدرش تاپاڈیا قتل کیس سے جڑے ہوئے ہیں۔ تاپاڈیا پر چھ ماہ قبل 10 مئی کو چاقو سے حملہ کیا گیا جس کے بعد اس کی موت ہوگئی تھی۔

آئی جی روپیندر سنگھ نے یہ بھی کہا کہ حملہ آوروں کی شناخت کر لی گئی ہے۔ ان کے گھروں پر بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں، جلد ہی ملزمین کو گرفتار کر لیا جائے گا۔ وہیں مقتول ابراہیم کا پوسٹ مارٹم کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے اس معاملے میں 2 نوجوانوں کو حراست میں لیا ہے۔