نئی دہلی: جہاں چاہ وہاں راہ، اگر محنت اور سچی لگن سے جدوجہد کی جائے تو یقینا کامیابی حاصل ہوکر ہی رہتی ہے۔ اور یہی بات ہندوستان میں مسلم کمیونٹی کی سب سے کم عمر خاتون نیورو سرجن ڈاکٹر مریم عفیفہ انصاری نے کر دکھایا ہے۔
مریم عفیفہ انصاری نے ہمیشہ ڈاکٹر بننے کا خواب دیکھا، اور ان کا یہ خواب اس وقت حقیقت بن گیا جب انہوں نے 2020 میں آل انڈیا NEET امتحان میں 137 واں رینک حاصل کیا۔
مریم نے کہا کہ اب میں مس عفیفہ سے ڈاکٹر عفیفہ بن گئی ہوں اور سفید کوٹ پہن کر سٹیتھوسکوپ سے مریضوں کا معائنہ کرنے کا میرا خواب پورا ہو گیا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ڈاکٹر عفیفہ انصاری نے اپنی متعدد کامیابیوں سے لوگوں کو دم بخود کر دیا ہے۔ عفیفہ انصاری نے دسویں جماعت تک اردو میڈیم اسکول سے تعلیم حاصل کی ہے۔ انہوں نے ساتویں کلاس تک مہاراشٹرا کے مالیگاؤں کے تحسین ہائی اسکول میں تعلیم حاصل کی۔
اس کے بعد وہ حیدرآباد چلی گئیں اور انہوں نے پرنسس درشہوار گرلز ہائی اسکول میں داخلہ لیا۔ وہ دسویں جماعت کے امتحان میں اپنے اسکول میں ٹاپر تھیں اور سونے کا تمغہ جیتنے والی، ایم ایس جونیئر کالج حیدرآباد سے ٹاپ رینک کے ساتھ انٹرمیڈیٹ مکمل کرنے کے بعد عفیفہ عثمانیہ میڈیکل کالج میں ایم بی بی ایس میں مفت داخلہ لینے میں کامیاب ہوئیں۔
انہوں نے ایم بی بی ایس کورس کے دوران پانچ طلائی تمغے حاصل کیے۔ 2017 میں اپنا کورس مکمل کرنے کے بعد وہ اسی کالج میں جنرل سرجری کے ماسٹرز کورس میں مفت داخلہ لینے میں بھی کامیاب ہوئیں۔ سنہ 2019 میں انہوں نے انگلینڈ کے رائل کالج آف سرجن سے پوسٹ گریجویٹ ڈگری، ایم آر سی ایس مکمل کیا۔
سنہ 2020 میں انہوں نے ڈپلومیٹ آف نیشنل بورڈ کورس کیا۔ یہ ایک خصوصی پوسٹ گریجویٹ ڈگری ہے جو ہندوستان میں اسپیشلسٹ ڈاکٹروں کو دی جاتی ہے۔ سنہ 2020 کے نیٹ سپر اسپشیلٹی امتحانات میں اعلی اسکور کرنے کے بعد انہیں عثمانیہ میڈیکل کالج میں مفت داخلہ مل گیا۔
اپنی کامیابی کے بارے میں بات کرتے ہوئے ڈاکٹر مریم عفیفہ انصاری نےکہا ہے کہ میری کامیابی اللہ کی طرف سے عطا کردہ تحفہ اور ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنے پیشے کے ذریعے معاشرے کی خدمت کرنے کی کوشش کریں گی۔
انہوں نے مسلم لڑکیوں کو اپنے پیغام میں کہا کہ ہمت نہ ہاریں، کبھی کسی کو یہ کہنے کا موقع نہ دیں کہ آپ یہ نہیں کر سکتے، بلک اپنی کامیابی سے ان کو غلط ثابت کرنے کی کوشش کریں۔ عفیفہ انصاری کی مسلسل جدوجہد اور محنت نے ان کی کامیابی کی راہ پر آنے والی ہر رکاوٹ کو عبور کرنے میں ان کی مدد کی ہے۔
ڈاکٹر مریم عفیفہ انصاری ہندوستان کی نوجوان نسل کے لئے ہر میدان بالخصوص تعلیمی میدان میں ایک تحریک اور ترغیب ہیں۔
عفیفہ انصاری کی والدہ ٹیچر ہیں۔ انہیں اپنی بیٹی پر فخر ہے۔ مریم پڑھائی کے علاوہ مصوری، خطاطی اور اسلامی تعلیمات میں بھی مہارت رکھتی ہیں۔