اسرائیل فلسطین جھڑپ
مسلم دنیا

صیہونی فوج کی فائرنگ میں 19 سالہ فلسطینی دوشیزہ شہید

اسرائیلی فوج کی فائرنگ میں ایک انیس سالہ فلسطینی دوشیزہ شہید ہوگئی ہے، اسرائیلی فوج نے اس کے سر اور تین اطراف سے کار پر فائرنگ کی جس کے نتیجہ میں وہ برسر موقع شہید ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق مغربی کنارے میں صیہونی فورسز نے ظلم و بربریت کی انتہا کر دی اور کار سوار انیس سالہ فلسطینی دوشیزہ کو فائرنگ کرکے شہید کر دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق قابض اسرائیلی فوج نے رام اللہ کے قریب قصبے بیتونیا میں ایک کارکو گھات لگا کر نشانہ بنایا، تین اطراف سے کار پر فائرنگ کی گئی۔اسرائیلی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں لڑکی شہید اور ایک نوجوان زخمی ہو گیا۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے جنین میں فلسطینی مہاجرین کے کیمپ میں آپریشن کے دوران چاقو حملے کو جواز بنا کر فلسطینیوں پر فائرنگ کی گئی تھی۔ اسرائیلی فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں 4 فلسطینی شہید ہو گئے تھے۔

فائرنگ سے شہید ہونے والے نوجوان کی عمر محض 18 سال تھی، جس کی شناخت مصعب محمد محمود نفل کے نام سے ہوئی تھی۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں فلسطین اور اسرائیل کے درمیان جھڑپوں میں کافی اضافہ ہوا جس کے دوران متعدد فلسطینی افراد شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔