ڈیموکریٹک آزاد پارٹی کے چیرمین غلام نبی آزاد نے کہاکہ جموں وکشمیر میں جلد از جلد اسمبلی انتخابات منعقد کرکے غیر یقینی صورتحال کو ختم کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ انتخابات نہ کرانے سے عوام اور سیاسی لیڈران میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوئی ہے جس کو دور کرنے کی ضرورت ہے۔ اُن کے مطابق مذہب کے نام پر سیاست کرنے والوں کو یہاں کے لوگ شکست دیں گے۔
انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں گزشتہ آٹھ برسوں کے دوران سیاسی غیر یقینی کی صورتحال ہے کیونکہ ان آٹھ سالوں کے دوران یہاں پر انتخابات ہی نہیں ہوئے ہیں، غیر یقینی صورتحال کو ختم کرنے کے لئے اسمبلی انتخابات انتہائی ضروری ہے لہذا مرکزی حکومت کو اس حوالے سے جلد از جلد فیصلہ لینا چاہئے۔
غلام نبی آزاد نے کہاکہ تشدد کا راستہ اختیار کرنے والے نوجوانوں کی واپسی کی خاطر کوششیں کرنی چاہئے تاکہ وہ اپنے والدین کے ساتھ امن و چین کی زندگی گزر بسر کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں اس وقت بے روزگاری نے سنگین رخ اختیار کیا ہوا ہے، مہنگائی کا دور دورہ ہے جس وجہ سے لوگوں کی زندگی اجیرن بن گئی ہے۔
غلام نبی آزاد نے کہاکہ جموں وکشمیر میں تعلیم یافتہ نوجوان آئے روز سڑکوں پر نکل آکر احتجاج کر رہے ہیں جبکہ ڈیلی ویجرز کی نوکریاں بھی مستقل نہیں کی جارہی ہیں۔ آزاد نے کہاکہ جموں وکشمیر میں یکجہتی کی سیاست کرنے آئے ہے تاکہ منافرت اور تقسیم کی سیاست کا خاتمہ ہو سکے ۔
واضح رہے کہ جموں و کشمیر میں گذشتہ 8 سال سے اسمبلی انتخابات منعقد نہیں ہوئے ہیں، آخری حکومت بی جے پی۔ پی ڈی پی کی مخلوط حکومت تھی۔ اس اتحاد کے ٹوٹنے کے بعد اسمبلی انتخابات ہی نہیں ہوئے ہیں۔