آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی
قومی خبریں

سورت میں وندے بھارت ایکسپریس پر پتھراؤ، اویسی بھی ٹرین میں تھے موجود

گجرات میں وندے بھارت ایکسپریس پر کچھ نامعلوم افراد نے ٹرین کی کھڑکیوں پر پتھر پھینکے۔ مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی ٹرین میں سوار تھے۔ پارٹی لیڈر وارث پٹھان نے دعویٰ کیا کہ شر پسند عناصر اویسی کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔ وارث پٹھان نے دعویٰ کیا کہ اویسی گجرات ریاستی صدر صابر کابلی والا اور پارٹی کے دیگر لیڈران کے ساتھ احمد آباد سے سورت کے لیے ‘وندے بھارت ایکسپریس’ میں سفر کر رہے تھے جب یہ واقعہ پیش آیا۔

کھڑکی کے ٹوٹے شیشے کی تصویریں شیئر کرتے ہوئے وارث پٹھان نے ٹویٹ کیا کہ گزشتہ روز جب اسد الدین اویسی، صابر کابلی والا اور ہماری ٹیم احمد آباد سے سورت جانے والی ‘وندے بھارت ایکسپریس’ ٹرین میں سفر کر رہی تھی تو کچھ نامعلوم شر پسند عناصر نے پتھراؤ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے آج احمد آباد سے سورت تک وندے بھارت ایکسپریس میں سفر کیا۔ جب ہم منزل سے 20 سے 25 کلومیٹر دور تھے تو پتھراؤ کیا گیا جس سے کھڑکی کے شیشے ٹوٹ گئے۔ اویسی کوچ میں بیٹھے تھے۔ پٹھان نے کہا کہ آپ ہمارے حقوق کے لیے ہماری آواز کو پتھراؤ سے نہیں دبا سکتے۔

غور طلب ہے کہ اویسی ان دنوں آئندہ انتخابات کے پیش نظر گجرات کا دورہ کر رہے ہیں۔ ریاست میں یکم اور 5 دسمبر کو اسمبلی انتخابات ہونے ہیں اور ووٹوں کی گنتی 8 دسمبر کو ہوگی۔