مسلم دنیا

مشہور فرانسیسی ماڈل حلقہ اسلام میں داخل

بولڈ لباس اور پروگرام میں شرکت کرکے شہرت حاصل کرنے والی خوبرو فرانسیسی ریلٹی ٹی وی اسٹار اور ماڈل میرین الہیمر نے اسلام قبول کرلیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق میرین الہیمر نے سعودی عرب کے مقدس مقامات کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے اسلام قبول کرنے کا ویڈیو بھی شیئر کیا اور اعتراف کیا کہ وہ چند ماہ قبل ہی مسلمان ہوگئی تھیں مگر انہوں نے یہ بات کچھ عرصے تک خفیہ رکھی۔

ماڈل و اداکارہ نے لکھا کہ ان کے بعض مداح ان کے اسلام قبول کرنے سے متعلق جانتے ہیں جب کہ کئی ان سے اس ضمن میں سوالات کرتے آ رہے ہیں تو ان کے لیے وہ یہ بات واضح کر رہی ہیں کہ اب وہ اسلام میں داخل ہو چکی ہیں۔انہوں نے کلمہ شہادت پڑھنے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ہر انسان کو ایک سے دوسرے مذہب میں داخل ہونے کی اجازت اور حق حاصل ہے اور وہ اس بات پر خدا کی شکر گزار رہیں گی کہ وہ سیدھی راہ پر آگئیں۔انہوں نے بتایا کہ ان کے دل اور روح نے اسلام کا انتخاب کیا اور سکون کی خاطر وہ اس مذہب میں آئیں۔

انہوں نے ایک شعر بھی لکھا کہ زندگی سے آگے ایسے بھی راستے ہیں جن پر ہر ایک کو تنہا سفر کرنا پڑے گا، جہاں ان کا ساتھ دینے والا کوئی دوست، کوئی اہل خانہ اور کوئی ساتھی نہیں ہوگا، وہاں صرف خدا اور وہ سفر کرنے والا ہوگا۔ انہوں نے دائرہ اسلام پر نیک خواہشات کرنے والے افراد کا شکریہ بھی ادا کیا۔

میرین الہیمر کی جانب سے اسلام قبول کرنے کا اعتراف کرنے کے بعد انہوں نے عمرے کی سعادت حاصل کرنے کی ویڈیوز اور تصاویر بھی شیئر کیں، جن میں انہیں مقدس مقامات پر دیکھا جا سکتا ہے۔

عمرے کی تصاویر اور ویڈیوز کو شیئر کرتے ہوئے فرانسیسی ماڈل و اداکارہ نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ماڈل مہجا سدرہ کا شکریہ بھی ادا کیا، جنہوں نے عمرے کی ادائیگی کے دوران ان کا ساتھ دیا۔ فرانسیسی ماڈل کی جانب سے اسلام قبول کرنے کے بعد لوگوں نے انہیں مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

واضح رہے کہ میرین الہیمر متعدد فرانسیسی ٹی وی ڈراموں اور سیریلز سمیت ریئلٹی ٹی وی شوز کا حصہ رہی ہیں جب کہ وہ جوتوں، پرفیوم اور لباس کے بولڈ فیشن شوبز کا حصہ بھی رہ چکی ہیں۔وہ اپنے بولڈ ریئلٹی ٹی وی شوز کی وجہ سے کافی شہرت رکھتی ہیں مگر کچھ عرصے سے لوگوں نے ان کا بدلتا ہوا انداز دیکھا تو ان سے متعلق چہ مگوئیاں شروع ہوئیں کہ انہوں نے شوبز اور فیشن کی دنیا چھوڑ دی ہے۔ تاہم انہوں نے خود سے متعلق ہونے والی چہ مگوئیوں کو ختم کرتے ہوئے گزشتہ ہفتے بتایا کہ انہوں نے چند ماہ قبل اسلام قبول کرلیا تھا۔