بی جے پی اور کانگریس کے کئی کارکن ٹی آر ایس میں شامل
تلنگانہ

بی جے پی اور کانگریس کے کئی کارکن ٹی آر ایس میں شامل

حیدرآباد 7/ نومبر (پریس نوٹ) گوشہ محل حلقہ اسمبلی کافی پچھڑا حلقہ ہوگیا ہے وہاں پر کسی قسم کی ترقی نہیں ہورہی ہے جس کی اہم وجہ گوشہ محل حلقہ کے رکن اسمبلی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے اپنی سرکاری قیام گاہ واقع بنجارہ ہلز میں پارٹی شمولیت تقریب میں کیا۔

ٹی آر ایس قائد محمد عقیل کی قیادت میں بی جے پی کے 40 اور کانگریس کے 30 کارکنان نے پیر کو وزیر داخلہ محمد محمود علی کی سرکاری رہائش گاہ پرٹی آر ایس پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ وزیر موصوف نے تمام پارٹی کارکنان کو پارٹی کھنڈوا پہنا کر پارٹی میں شامل کیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ گوشہ محل حلقہ میں ٹی آر ایس پارٹی کا ایم ایل اے نہیں ہے جس کی وجہ سے وہاں پر کوئی ترقی نہیں ہوئی ہے، آنے والے انتخابات میں گوشہ محل حلقہ اسمبلی میں ٹی آر ایس کا نمائندہ کامیابی حاصل کرے گا اور ٹی آر ایس پارٹی گوشہ محل کو ترقی دے گی۔

محمد محمود علی نے کہا کہ منوگوڑ میں صرف ٹی آر ایس کی کامیابی نہیں بلکہ فرقہ پرست پارٹی پر سیکولرازم کی کامیابی ہے۔ منوگوڑ عوام نے ٹی آر ایس امیدوار کو کامیاب کرکے ثابت کردیا کہ وہ کے سی آر کی پالیسیوں اور اسکیمات سے متاثر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں سیکولر پارٹی کے طور پر ٹی آر ایس پارٹی اور سیکولر لیڈر کے لیے کلوا کنٹلا چندرا شیکھر راؤ مشہور ہیں۔ اسی لیے دیگر پارٹیوں کے کارکناں اور قائدین مسلسل ٹی آر ایس پارٹی میں شامل ہورہے ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس پارٹی عوامی پارٹی ہے جس میں تمام طبقات کی ترقی کے لیے یکساں رویہ اختیار کیا جاتا ہے۔ اور کلوا کنٹلا چندرا شیکھر راؤ نے اپنےآٹھ سالہ دور حکومت میں تلنگانہ کو ملک بھر میں ایک اہم مقام دلایا ہے۔ محمد محمود علی نے پارٹی میں شامل شدہ نئے کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس پارٹی ریاست کی ترقی اور عوامی فلاح وبہبود کے لیے کوشاں ہے جس کے لیے وزیر اعلیٰ دن رات محنت کررہے ہیں۔