Home Minister Mahmood Ali on Munugode Election Result
تلنگانہ

ضمنی انتخاب میں کامیابی پر وزیر داخلہ محمود علی کا تشکر کا اظہار

حیدرآباد: منوگوڑ حلقہ اسمبلی کے ضمنی انتخاب میں ٹی آر ایس پارٹی کی کامیابی اصل میں سیکولرازم اور حق کی کامیابی ہے. ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ٹی آر ایس پارٹی کی کامیابی کے موقع پر تلنگانہ بھون میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیر داخلہ نے کہا کہ منوگوڑ حلقہ اسمبلی کی عوام نے ٹی آر ایس امیدوار کو کامیاب کرکے ثابت کردیا ہے کہ وہ ٹی آر ایس پارٹی کی اسکیمات اور پالیسی سے پر امید ہیں، یہی وجہ ہے کہ کانگریس کے گڑھ میں انہوں نے ٹی آر ایس امیدوار کو کامیاب بنایا ہے۔

وزیر موصوف نے منوگوڑ حلقہ کی عوام کا شکریہ ادا کیا. انہوں نے کہا کہ منوگوڑ حلقہ میں متعدد مسلم اقلیتی قائدین نے گھر گھر جاکر پارٹی مہم چلائی اور ٹی آر ایس پارٹی کی اسکیمات سے عوام کو واقف کروایا. اس لیے وزیر داخلہ نے پارٹی مہم میں حصہ لینے والے تمام قائدین بالخصوص مسلم اقلیتی قائدین کا شکریہ ادا کیا.

محمد محمود علی نے پارٹی کارگزار صدر کے ٹی راما راؤ اور کامیاب امیدوار کے پربھاکر ریڈی کو مبارکباد پیش کی.

واضح رہے کہ اس حلقہ میں ٹی آر ایس اور بی جے پی نے کامیابی کے لئے کافی جدوجہد کی تھی۔ اس ضمنی انتخاب کے لئے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، جے پی نڈا اور مرکزی وزیر کشن ریڈی اور دیگر نے انتخابی مہم میں حصہ لیا تھا۔