قومی خبریں

دہلی میونسپل کارپوریشن انتخابات: مجلس کی انٹری

نئی دہلی: قومی دار الحکومت دہلی میں ایم سی ڈی انتخابات کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا ہے اسی سلسلے میں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین نے بھی اس بار بلدیاتی انتخابات لڑنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پارٹی نے اپنے امیدواروں کا اعلان بھی کیا ہے اور کہا ہے کہ مجلس دہلی میونسپل کارپوریشن انتخابات مضبوطی سے لڑے گی۔

دہلی اے آئی ایم آئی ایم کے صدر کلیم الحفیظ نے کہا کہ دہلی میونسپل کارپوریشن انتخابات بی جے پی کے مظالم اور عام آدمی پارٹی کے فریب کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج یہاں لوگوں کے لیے سانس لینا مشکل ہو گیا ہے۔ جہاں بی جے پی نے دہلی میں جگہ جگہ کچرے کے انبار لگادئے ہیں وہیں عام آدمی پارٹی دہلی اور پنجاب میں ہونے کے باوجود آلودگی کو کم کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی اور عام آدمی پارٹی دونوں نے غیر مجاز کالونیوں اور خاص طور پر دلت مسلم اکثریتی بستیوں کے ساتھ دھوکہ دہی کی سیاست کی ہے۔ دونوں پارٹیوں نے غیر مجاز کالونیوں کے باشندوں سے ووٹ تو لیے لیکن لوگوں کو نہ تو تعلیمی سہولیات فراہم کیں اور نہ ہی صحت کی سہولیات فراہم کیں۔

انہوں نے کہا کہ اس بار الیکشن بھارتیہ جنتا پارٹی کے مظالم، جمہوری حقوق کی پامالی اور عام آدمی پارٹی کے دھوکے کے خلاف ہے۔ دہلی کے عوام اس بار انتخابات میں دونوں پارٹیوں کو سبق سکھائیں گے۔

واضح رہے کہ مجلس اتحاد السملمین نے دہلی مونسپل کارپوریشن کے لیے 2 امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔ کلیم الحفیظ نے بتایا کہ ہم نے پہلی فہرست جاری کر دی ہے اور ستارہ محمد فخر الدین کو وارڈ نمبر 245 برج پوری سے امیدوار بنایا ہے۔ جبکہ سرتاج علی سیفی کو وارڈ نمبر۔ 246 شری رام کالونی سے امیدوار بنایا گیا ہے۔ اس وقت دیگر وارڈز کے امیدواروں کے ناموں کے فیصلے کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے اور جلد ہی ناموں کا اعلان کر دیا جائے گا۔