حیدرآباد ۔جے پور اور گلبرگہ میں خواتین اور لڑکیوں کے اجلاس سے خطاب کے بعد معروف اسکالر اور عالم دین حضرت مولانا خلیل الرحمان سجاد نعمانی حیدرآباد میں بھی خواتین اور لڑکیوں کے لئے خصوصی طور پر منعقدہ جلسہ سے خطاب کرنے کے لئے تشریف لائیں گے ۔
اس جلسہ کا انعقاد تنظیم نسواں کل ہند مجلس تعمیر ملت کرے گی۔ مولانا خلیل الرحمان سجاد نعمانی کے دورہ حیدرآباد اور خصوصی اجلاس سے خطاب سے متعلق پریس کو واقف کروانے کے لئے کل ہند تعمیر ملت کے زیر انتظام اقبال اکیڈمی میں پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر کل ہند مجلس تعمیر ملت کے صدر جناب ضیاء الدین نیر نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 73 یوم رحمۃ للعالمین صلی اللہ علیہ وسلم کی ضمن میں مولانا سجاد نعمانی 8 نومبر کو 10-30 سے صبح سے دوپہر ایک بجے تک میٹرو کلاسک گارڈن واقع آرام گھر چوراستہ، راجندر نگر میں، ملت کی تعمیر میں بہنوں اور بیٹیوں کا کردار، کے موضوع پر خصوصی خطاب کریں گے۔
اس اجلاس کے لئے جلسہ گاہ میں صرف خواتین اور لڑکیوں کو ہی شرکت کی اجازت ہوگی۔ البتہ مرد حضرات کے لئے جلسہ گاہ کے باہر بیٹھنے اور جلسہ کی کاروائی کو ایل ای ڈی اسکرین پر مشاہدہ کا انتظام رہے گا۔
اس موقع پر کل ہند مجلس تعمیر ملت کے جنرل سکریٹری جناب محمد عمر شفیق نے بھی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سماج میں پھیلی بے راہ روی اور ازدواجی رشتوں میں بڑے پیمانے پر اختلافات اور اس کی وجہ سے پیش آنے والے مسائل کے ضمن میں مولانا خلیل الرحمان سجاد نعمانی کا خصوصی خطاب کافی اہمیت رکھتا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے ملت کی بہنوں اور بیٹیوں سے اپیل کی کہ وہ ضرور اس جلسہ میں شرکت کریں۔