پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں چیئرمین عمران خان کے کنٹینر کے قریب نامعلوم شخص نے فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں عمران خان سمیت متعدد رہنما کے زخمی ہونے کے علاوہ ایک شخص کے ہلاک ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق گوجوانوالہ میں عمران خان کا کنٹینر جوں ہی وزیر آباد پہنچا تو نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس کی زد میں آکر عمران خان، فیصل جاوید سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے اور ایک شخص کے ہلاک ہونے کی بھی اطلاعات ہیں جب کہ حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
عمران خان کی پارٹی پی ٹی آئی نے ٹویٹر پر ایک ویڈیو بھی شیئر کیا ہے جس میں صاف طور سے دیکھا جاسکتا ہے کہ عمران خان کے پیر میں گولی لگی ہے کیونکہ ان کے پیر میں پٹی بندھی ہوئی ہے۔ اور جب انھوں اسپتال لے جایا جارہا تھا تو انھوں نے اپنے سپورٹرز کا ہاتھ اٹھا کر شکریہ بھی ادا کیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے کہا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں عمران خان کے زخمی ہونے کے باوجود مارچ ہر صورت جاری رہے گا۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ عمران خان ہماری ریڈ لائن ہیں لیکن آج وہ ریڈ لائن کراس کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔